مدینہ منورہ(ایجنسیاں):رواں ہجری سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران میں اور عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک فضائی، زمینی اور سمندری راستوں کے ذریعے مدینہ منورہ میں پہنچنے والےعمرہ زائرین اورعام زائرین کی مجموعی تعداد 14 لاکھ 86 ہزار 880 تک پہنچ گئی ہے۔ان میں 11 لاکھ 8 ہزارعمرہ زائرین شامل ہیں جو ہفتے کے روزتک مدینہ منورہ سے واپس جاچکے تھے۔وزارت حج اورعمرہ کے انڈرسیکریٹریٹ برائے مدینہ منورہ زائرامورکی ایک رپورٹ کے مطابق ہفتے کے روز تک مدینہ منورہ میں 378880زائرین مقیم تھے۔یہ اطلاع العربیہ ڈاٹ نیٹ نے دی ہے۔
اعدادوشمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس عمرہ سیزن کے دوران میں قومیت کے لحاظ سے مدینہ منورہ میں آنے والے زائرین میں انڈونیشیا کے شہریوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔اب تک 449،696 انڈونیشی عمرہ زائرین مدینہ منورہ میں روضہ رسول ﷺ اور مسجد نبوی ﷺ کی زیارت کے لیے آچکے ہیں۔اس کے بعد پاکستانی زائرین ہیں۔ان کی تعداد287،793 ہے۔ تیسرے نمبر پر 189،052 بھارتی مدینہ منورہ آئے ہیں۔پھر122،557 عراقی اور اور76،946 بنگلہ دیشی ہیں۔انھوں نے مسجد نبوی ﷺ میں عبادت وریاضت کی ہے اور اس دوران میں زائرین کی سہولت مہیا کرنے کے لیے نافذالعمل خدمات کے نظام سے استفادہ کیا ہے۔وزارت میں انڈر سیکرٹریٹ کے تحت فالو اپ اور انسپکشن ٹیمیں متعدد فیلڈ دوروں پر عمل درآمد کرتی ہیں تاکہ عمرہ کمپنیوں کی جانب سے مسجد نبویﷺ میں زائرین کو پیش کی جانے والی خدمات کی اعلیٰ سطح کو یقینی بنائیں۔