جموں،13اپریل(یو این آئی) کانگریس کے سینئر لیڈر راج ببر نے ہفتے کے روز کہاکہ اگر انڈیا الائنس کی سرکار بنتی ہے تو اگنی ویر اسکیم کو منسوخ کرکے سابقہ نظام کو بحال کردیں گے۔انہوں نے کہاکہ بھاجپا لوگوں کے مسائل حل کرنے میں پوری طرح سے ناکام ثابت ہو گئی ہے۔ان باتوں کا اظہار راج ببر نے ادھم پور میں چناوی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی جانب سے من گھڑت دعوئے کئے جارہے ہیں ، حقیقت یہی ہے کہ ملک کے لو گ اب بدلاو چاہتے ہیں۔
ان کے مطابق بڑھتی ہوئی بے روزگاری کو لے کر بی جے پی غیر سنجیدہ ہے۔راج ببر نے کہا:’جس دن انڈیا الائنس کی سرکار بنتی ہے تو اگنی ویر اسکیم کو ختم کرکے سابقہ نظام کو بحال کردیں گے۔ ‘انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی بنیادی مسائل کے بارے میں کچھ بھی نہیں کہہ رہی ۔ان کے مطابق پورے ملک میں بے روزگاری نے سنگین رخ اختیار کیا ہوا ہے، مہنگائی نے تو ماضی کے تمام ریکارڈ مات کئے لیکن بھارتیہ جنتاپارٹی سب کچھ ٹھیک ہونے کا دعویٰ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس واحد بڑی پارٹی کے طورپر ابھر کر سامنے آئے گی اور انڈیا الائنس مرکز میں حکومت تشکیل دینے میں کامیاب ہو جائے گی۔