جموئی(پریس ریلیز)امارت شرعیہ کا ایک موقر وفد نائب ناظم امارت شرعیہ حضرت مولانامفتی محمد سہراب ندوی صاحب کی قیادت میں جب ضلع جموئی لوہرا پہونچا، تو آبادی کے مسلمانوں نے وفد کا شاندار استقبال کیا، اس موقع سے لوہرا، گڑھی، اڈسار، گگل ڈیہ اور گھور پکوا میں اجلاس کا انعقاد ہوا، ان اجلاس کو خطاب کرتے ہوئے قائد وفد نے امارت شرعیہ کی عظمت اور اس کی خدمات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ امارت شرعیہ ملک کے مسلمانوں کی ایک ملّی شناخت ہے، اس ادارے نے گذشتہ سو سالوں میں مختلف جہتوں سے مثالی خدمات انجام دی ہیں، اور اس وقت بھی موجودہ امیر شریعت کی سربراہی میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے، انہوں نے موجودہ حالات کے پس منظر میں اجتماعی قوت کو مستحکم بنانے، تنظیم امارت شرعیہ کے اصول پر ایک امیر شریعت کی ماتحتی میں منظم زندگی گذارنے، بنیادی دینی تعلیم اور عصری معیاری تعلیم سے اپنے بچوں کو آراستہ کرنے، اپنے وسائل سے تعلیمی نظام بہتر بنانے کی تلقین کی اور بتایا کہ جس طرح مسلمان مسجد کی تعمیر کی فکر کرتے ہیں اور اس کی سجاوٹ پر محنت کرتے ہیں، اس سے کہیں زیادہ مکتب کے نظام پر توجہ کی ضرورت ہے، امارت شرعیہ نے قیام مکاتب کی جو تحریک چلائی ہے، اس سے منسلک ہونے اور خواتین کی دینی بیداری کے لئے ماہنامہ اجتماع کا انعقاد ضروری سمجھیں۔
مولانا عبداللہ جاوید صاحب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ضرورت ہے کہ مسلمان قرآن کو مضبوطی سے پکڑیں اور اس میں بتائے گئے احکامات پر عمل کریں، مسلمان اسی وقت کامیاب ہو سکتے ہیں جب ان کا رشتہ قرآن پاک سے جڑے گا، نیز بتایا کہ نئی نسل شراب اور نشہ آور چیزوں کی طرف کثرت سے بڑھ رہی ہے، اس لئے والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے بچوں کی فکر کریں، ان کی صحیح تربیت، تعلیم کا انتظام کریں، شراب و نشہ کی حرمت کا ذکر کریں، ان کے دل میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت بٹھلائیں تاکہ وہ نیک بنیں اور اپنی زندگی اسلامی طریقے سے گذار سکیں، ضلع جموئی کے قاضی جناب قاضی نعمان اختر صاحب نے دارالقضاء کی اہمیت اور دارالقضاء میں پیش آنے والے مسائل سے واقف کرایا، انہوں نے بتایا کہ مسلمان اپنے معاملات دارالقضاء سے حل کرائی، طلاق سے بچیں اور اپنی زندگی خوشگوار ماحول میں بسر کریں یہ اللہ کو زیادہ پسند ہے۔نظامت کے فرائض مولانا مزمل حسین قاسمی صاحب انجام دیا، اجلاس کو کامیاب بنانے میں مولانا احمد حسین صاحب لوہرا، قاری بشیر احمد صاحب، ماسٹر نثار احمد صاحب، مولانا ارشاد احمد رحمانی صاحب اور مقامی ذمہ داران حضرات نے شرکت کی۔