نئی دہلی، 12 نومبر (یو این آئی) دہلی حکومت کی کابینہ نے آج لیفٹیننٹ گورنر وی کے سکسینہ سے بس مارشلوں کو فوری طور پر بحال کرنے کی سفارش کی ہے۔
دہلی کابینہ کا کہنا ہے کہ بس مارشل کے لیے منصوبہ بندی خدمات کے ساتھ ساتھ امن و امان کا مسئلہ ہے، اس لیے لیفٹیننٹ گورنر سے بس مارشل کے لیے منصوبہ بنانے کی درخواست کی گئی ہے۔ سینئر حکام نے دہلی حکومت کو تحریری طور پر بتایا ہے کہ بس مارشل کے لیے پالیسی بنانے کا اختیار صرف لیفٹیننٹ گورنر کو ہے۔ لیفٹیننٹ گورنر کو پالیسی بنانے میں کئی ماہ یا سال لگ سکتے ہیں، اس لیے دہلی کابینہ نے بس مارشلوں کی فوری بحالی کی درخواست کی ہے جہاں وہ تعینات تھے۔
دہلی حکومت کا کہنا ہے کہ دہلی ملک کی راجدھانی ہے۔ پوری دنیا کی نظریں دہلی پر لگی ہوئی ہیں۔ اس کی وجہ سے دہلی میں ہونے والا ہر چھوٹا یا بڑا واقعہ پوری دنیا میں ہندوستان کی شبیہ کو متاثر کرتا ہے۔ اس کو ذہن میں رکھتے ہوئے، اروند کیجریوال کی قیادت والی حکومت نے دہلی میں بسوں کے اندر خواتین کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے بس مارشل کی تقرری کا تاریخی قدم اٹھایا، تاکہ مسافروں، خاص طور پر خواتین کو چھیڑ چھاڑ، جرائم اور تشدد سے بچایا جا سکے۔
دہلی کابینہ کے ساتھ وزیر اعلیٰ آتشی نے بھی لیفٹیننٹ گورنر کو ایک نوٹ بھیجا ہے جس میں بس مارشلوں کی بحالی کی سفارش کی گئی ہے۔