نئی دہلی(یو این آئی) دہلی کانگریس کے ریاستی صدر چودھری انیل کمار کی قیادت میں آج سے ملک گیر ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم شروع ہو گئی ہے۔کانگریس اس مہم کے ذریعے پارٹی لیڈر راہل گاندھی کی بھارت جوڑو یاترا کے پیغام اور مرکزی حکومت کی ناکامیوں کوملک کے ہر گھر گھر تک پہنچائے گی۔ ملک بھر میں 26 مارچ تک ہاتھ سے ہاتھ جوڑو مہم چلائی جائے گی۔
مہم کا آغاز کرتے ہوئے مسٹر چودھری نے کہا کہ کانگریس کارکنان لوگوں کو مرکز کی مودی حکومت اور دہلی کی کیجریوال حکومت کی نا اہلی، عوام دشمن پالیسیوں، تفرقہ انگیز اور تباہ کن سیاست جن کی وجہ سے شدید بے روزگاری، مہنگائی، مالی بحران اور معاشی بربادی جیسے امور کو لوگوں کے سامنے رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم دہلی کے 13,000 سے زیادہ بوتھس میں اور تمام بلاکس اور اضلاع میں چلے گی اور اس کا اختتام ریاستی سطح پر ایک عظیم الشان عوامی رابطہ پروگرام میں ہوگا۔
اس دوران ریاستی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے منڈکا اسمبلی میں ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پروگرام کا افتتاح کیا جس میں ڈاکٹر کلدیپ رانا، ڈاکٹر جیت یادو، پنٹو وغیرہ نے شرکت کی۔