نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) دہلی کے وزیر صحت سوربھ بھاردواج نے وویک وہار کے نرسنگ ہوم میں آگ لگنے کے واقعہ کے بعد آج محکمہ صحت کی ایک ہنگامی میٹنگ بلائی جس میں افسران کو اپنے اپنے علاقوں میں چل رہے اسپتالوں کا اچانک معائنہ کرنے کی ہدایات دیں مسٹر بھاردواج نے صحافیوں کو بتایا کہ نرسنگ ہوم کو 2021 سے 2024 تک چلانے کی اجازت ملی ہوئی تھی، جس کی مدت مارچ میں ختم ہو گئی تھی، فروری میں اس نرسنگ ہوم کی جانب سے رجسٹریشن کی تجدید کاری کے لئے درخواست دی گئی تھی لیکن وافر کاغذات نہ ہونے کے سبب تجدید نہیں کی گئی تھی۔
انہوں نے بتایا کہ اس نرسنگ ہوم کا جو مالک ہے وہ اسی طرح کا ایک اور نرسنگ ہوم دارالحکومت میں بھی چلاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس واقعہ سے قبل بھی محکمہ صحت کی جانب سے اس نرسنگ ہوم کے مالک کے خلاف دہلی کی ککڑڈوما کورٹ اور تیس ہزاری کورٹ میں کیس چل رہے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ نرسنگ ہوم کے مالک پر ایک معاملہ اچانک معائنہ کے دوران کچھ کوتاہیاں پائی گئی تھیں اس سے متعلق چل رہا ہے۔