نئی دہلی (یو این آئی) دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے ہفتہ کو کہا کہ کارپوریشن میں عام آدمی پارٹی (آپ) کی حکومت آنے کے بعدسے لینڈ فل سائٹ سے کچڑے ہٹانے کے کام میں کافی تیزی آئی ہے اور مقررہ حد سے زیادہ تیز رفتار سے کوڑا کرکٹ ہٹایا جا رہا ہے۔ مسٹر کیجریوال نے بھلسوا لینڈ فل سائٹ کا دورہ کیا اور کہا”پچھلے سال نومبر کے وسط بھلسوا لینڈ فل سائٹ سے کچڑے صاف کرنے کا کام شروع ہوا تھا۔ ہدف مقرر کیا گیا تھا کہ اگلے 18 ماہ کے اندر بھلسوا لینڈ فل سائٹ سے تقریباً 30 لاکھ ٹن کچڑے کو کم کیا جائے گا۔ 30 ستمبر تک تقریباً 14 لاکھ ٹن کچڑے کو کم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ یہ بتاتے ہوئے بے حد خوشی ہو رہی ہے کہ کچڑے کی صفائی کا کام ہدف سے کہیں زیادہ تیز رفتار سے جاری ہے۔ ستمبر تک بھلسوا لینڈ فل سائٹ سے 14 لاکھ ٹن کے ہدف کے بجائے 18 لاکھ ٹن کچڑا کم ہو گیا ہے۔‘‘
انہوں نے کہا کہ جب موجودہ ایجنسی اب اگلے سال 15 مئی تک 45 لاکھ ٹن کچڑا صاف کرے گی تو یہاں 35 ایکڑ اراضی خالی ہوجائے گی۔ جب سارا کچڑا صاف ہو جائے گا تو یہاں کافی زمین خالی ہو جائے گی۔ بھلسوا لینڈ فل سائٹ کے پاس سے گزرنے والی سڑک سے پنجاب اور ہریانہ کے لوگ دہلی آتے ہیں۔ دہلی میں داخل ہوتے ہی ان کو کچڑے کے پہاڑ نظر آتا ہے۔ یہ کچڑے کے اس پہاڑ کو صاف کرنے کے بعد اس زمین کو کئی طریقوں سے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
دہلی کی میئر ڈاکٹر شیلی اوبرائے نے کہا کہ دہلی کو جلد ہی کچڑے کے پہاڑوں سے نجات ملے گی۔ اس کے لیے اضافی ایجنسی کی تقرری کا عمل آخری مرحلے میں ہے۔ دہلی کو وقت سے پہلے کچرے کے پہاڑوں سے نجات مل جائے گی۔