ایک درجن سے زائد دوکانداروں کے چالان کاٹے گئے
دیوبند(دانیال خان) شہر کے مختلف علاقوں میں عوام کی شکایات کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ڈی ایم کی ہدایت پرایس ڈی ایم دیوبند سنجیو کمارکی سرپرستی میں نگر پالیکا پریشد دیوبند کے عملے نے پولیس فورس کی موجودگی میں شہر کے سبھاش چوک،ریلوے روڑ،ایم بی ڈی چوک بھائلہ روڑ،ریتی چوک،پٹھانپورہ اور گھاس منڈی سے بھائلہ ریلوے پھاٹک تک سڑک پر قابض سبزی و پھل فروشوں کو ہٹایا گیا اور دکانداروں کی جانب سے دکانوں کی حدود کے باہر لگے سامان و دیگر ناجائز تجاوزات کو ہٹایا گیا اور دوکانداروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنی دکانوں کی حدود کے باہر سامان نہ لگائیں۔اس کے علاوہ نالیوں کے اوپر سے بھی سامان کو ہٹایا گیا اور نالیوں پر سامان لگانے سے بھی منع کیا گیا تاکہ بروقت نالیوں کی صفائی کی جا سکے تاکہ نالیوں کے بلاک ہونے سے پانی کی نکاسی میں خلل پیدا نہ ہو۔اس دوران ایک درجن سے زائد دکانداروں کا چالان بھی کاٹا گیااور کچھ دوکانداروں سے جرمانہ بھی وصول کیا گیا، وہیں کچھ دکانداروں کو وارننگ دیکر چھوڑ دیا گیا۔اس موقع پر ایس ڈی ایم نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگر دوکان داروں نے دکانوں کی حدود کے باہرپھر سے سامان لگایا تو ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ ایس ڈی ایم سنجیو کمار نے کہا کہ شہر میں تمام جگہوں پر تجاوزات کے خلاف مسلسل مہم چلائی جائے گی، تجاوزات کرنے والے خود اپنا سامان سڑکوں سے ہٹا دیں، بصورت دیگر جرمانے اور سامان ضبطی کے ساتھ قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انتظامیہ کی جانب سے تجاوزات کے خلاف شروع کی گئی مہم کی وجہ سے جہاں سڑکوں پر تجاوزات کرنے والوں میں کھلبلی مچی رہی وہیں شہر کی عوام نے نگر پالیکا کے اس قدم اور ایس ڈی ایم کے کام کی ستائش بھی کی۔لوگوں کا کہنا تھاکہ بازار کی سڑکیں ناجائز تجاوزات سے تنگ ہوچکی تھیں لیکن میونسپلٹی نے سڑکوں پر سے ناجائز تجاوزات کو ہٹایا اور سڑکوں و گلیوں کو کشادہ اور چلنے لائق بنایا جس کے لیے وہ ایس ڈی ایم اور میونسپلٹی کی ستائش کرتے ہیں۔لوگوں کا کہنا تھا کہ جس طرح سے ناجائز تجاوزات ہٹائے گئے ہیں اسی طرز پر بازار میں ای رکشاؤں، گاڑیوں و گھوڑا بوگی کی دن میں آواجاہی پر روک لگائی جانی چاہیے اور بازار میں کھڑی موٹر سائیکلوں پر جرمانہ عائد کرنا چاہیے کیونکہ انکی وجہ سے بھی بازار میں چلنے میں زبردست دقت پیش آتی ہے۔