کٹک:امیر شریعت بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضرت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب کی ہدایت پر قائم مقام ناظم مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب کی قیادت میں مرکزی دفتر امارت شرعیہ اور ذیلیدار القضاء کٹک کے ذمہ داروں نیز مقامی مخلصین امارت شرعیہ ورضاکاروں پر مشتمل ایک ریلیف ٹیم پچھلے دو دنوں سے اڈیشہ کے بالاسور میں ہونے والے ٹرین اکسیڈنٹ کے متاثرین کے درمیان راحت رسانی کا کام کر رہی ہے ۔ مرکزی دفتر سے اس ٹیم میں مولانا مفتی سعید الرحمن قاسمی مفتی امارت شرعیہ ، مولانا قمر انیس قاسمی معاون ناظم امارت شرعیہ ، محمد عادل فریدی اور رضوان انصاری شامل ہیں ،ان کےدار القضاء کٹک کے معاون قاضی شریعت مولانا صبغۃ اللہ داؤد قاسمی اور مقامی مخلصین میں جناب حاجی عبد القدوس صاحب، بھائی انیس، مولانا شاہد صاحب، امتیاز احمد خان صاحب ، بھائی افتخار عرف راجیش، بھائی عاشق علی،شیخ عثمان صاحب سراج بھائی کے علاوہ دیگر رضاکاران شامل ہیں۔سب سے پہلے ا س ریلیف ٹیم نے ایس سی بی میڈیکل کالج و اسپتال کٹک کے مختلف وارڈوں مثلاآرتھو پیڈک،نیو سرجری اسکرین، آئی ڈپارٹمنٹ، جنرل سرجری،پلاسٹک سرجری، جنرل آئی سی یو، برن آئی سی یو ودیگر ڈپارٹمنٹ میں ایڈمٹ ٹرین حادثہ میں زخمی ہونے والے مریضوں کی مزاج پرسی کی اور انہیں روز مرہ کی ضروریات کے سامانوں ، خشک غذاؤں اور مشروبات وغیرہ پر مشتمل کٹ پیش کی۔اس کے بعد اس ریلیف ٹیم نے بالاسور جہاں حادثہ پیش آیا وہاں کے مختلف اسپتالوں میں ایڈمٹ مریضوں سے ملاقات کر کے ان کی مزاج پرسی کی ، ان سے اور ان کے اہل خانہ سے تسلی کے کلمات کہے اور انہیں جلد صحت یابی کی دعا دی، ان کی خدمت میں فوری راحت کے سامان پر مشتمل کٹ پیش کیا اور یقین دلایا کہ امارت شرعیہ آپ کی مصیبت میں آپ کے ساتھ ہے ، آگے بھی ہماری کوشش ہوگی کہ آپ کے علاج و معالجہ کسی طرح کی کوتاہی نہ ہو۔ مختلف وارڈ وں میں اڈیشہ ، جھارکھنڈ اور بنگال کے علاوہ بہار کے مریضوں کی بھی بڑی تعداد زیر علاج ہے ، ریلیف نے فرداً فرداً ان مریضوں اور ان کے اہل خانہ سے مل ان کی عیادت کی ۔
اس سے قبل یہ ریلیف ٹیم ایمس بھونیشور میں موجود مہلوکین کے ورثائ سے ملی اور ان سے تعزیت کی ، نیز مدد اور رہنمائی کی یقین دہانی کرائی۔نیز افسران سے مل کر تفصیلات مہلوکین اور زخمیوں کی تفصیلات معلوم کیں اور ان سے درخواست کی کہ وہ اپنے رشتہ داروں کی لاشوں کی تلاش میں بھٹک رہے افراد کو ان کی تلاش میں مناسب رہنمائی کریں۔اور اپنوں کی تلاش میں سرگرداں پریشان حال لوگوں کی پریشانی کوجلد از جلد دور کریں ۔
جناب قائم مقام ناظم صاحب نے بتایا کہ امارت شرعیہ کا ریلیف ورک ابھی جاری رہے گااور دار القضاء کٹک کے ذمہ داران کی قیادت میں مقامی رضاکاروں کی ٹیم بھونیشور، بالا سور اور کٹک کے اسپتالوں میں ایڈمٹ مریضوں کی خبر گیری اور ان کی ضروریات کی تکمیل کا کام کرتی رہے گی، نیز اسپتالوں کے مردہ گھروں میں جو لاشیں موجود ہیں ، انہیں ان کے اہل خانہ کو سپرد کرنے کے سلسلہ میں بھی ضروری رہنمائی و تعاون کیا جاتا رہے گا۔ساتھ ہی امارت شرعیہ نے انتظامیہ کی خدمت میں یہ بھی درخواست کی ہے کہ جو لاوارث لاشیں ایسی رہ جاتی ہیں جن کی شناخت نہ ہو سکے خواہ وہ کسی بھی مذہب کے لوگوں کی ہوں وہ ہمار ے حوالہ کر دیں تاکہ امارت شرعیہ مقامی رضاکاروں کی مدد سے ان کی آخری رسومات ادا کر سکے۔ اس تعلق سے امار ت شرعیہ نے کمشنر بی ایم سی اڈیشہ کی خدمت میں ایک تحریری درخواست بھی پیش کی ہے ۔انہوں نے اہل خیر حضرات اور امار ت شرعیہ کے مخلصین و محبین سے اپیل کرتے ہوئے کہاہے کہ اہل خیر حضرات زخمیوں کے تعاون میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اپنے طور پر جو ان سے بن پڑے بلا تفریق مذہب و ملت ضرور کریں۔ امارت شرعیہ کا ریلیف ورک جاری ہے ، جو حضرات امارت شرعیہ کے واسطہ سے متاثرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں وہ اپنا تعاون بیت المال امارت شرعیہ کو پیش کر سکتے ہیں ۔چیک اور ڈرافٹ کے ذریعہ بھی تعاون پیش کر سکتے ہیں ، براہ راست امارت شرعیہ کے اکاؤنٹ میں رقم بھیج سکتے ہیں ۔