ہریانہ کے فساد متاثرین کواپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کی مہم کے تحت تعاون فراہمی
نئی دہلی(یو این آئی) نوح فرقہ وارانہ فساد کے علاوہ پلول اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں فساد متاثرین کی بازآبادکاری اور انہیں پاوں پر کھڑے کرنے کی مہم کو جاری رکھتے ہوئے جمعیۃ علماء ہند(مولانا ارشد مدنی) نے ریہڑی و تجارت کی ضروری اشیاء تقسیم کی ہے۔جمعیۃ علماء راجستھان کے جنرل سیکریٹری مولانا راشد قاسمی نے بتایا کہ امدادی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ شرپسندوں کے ذریعہ نقصان پہنچائی گئی چھوٹے تاجروں کی دکان و ریہڑی کھوکھے توڑ دئے گئے تو جمعیۃ علماء ہند کی جانب سے انکی باز آباد کاری کا کام تیزی سے جاری ہے۔جاری ریلیز کے مطابق جمعۃ علماء ہندکے صدر مولانا ارشدمدنی کی ہدایت پر اسی ضمن میں ہوڈل اسمبلی کے قصبہ حسن پور کے گاؤں مہرو کا نگلہ میں انکو ریہڑی و تجارت کی ضروری اشیاء تقسیم کی گئی، اس سے قبل بھی جمعیۃ علماء ہند نے حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب کے حکم پر و مولانا راشد قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء راجستھان کی سرپرستی میں جمعیۃ علماء ضلع پلول کے صدر حضرت مولانا لقمان قاسمی ، مفتی محمد وسیم قاسمی، محمد مبارک آلی میؤ کی دیکھ ریکھ میں ہوڈل اسمبلی کے گاؤں سیولی کے قبرستان اورعیدگاہ کی مرمت کا انجام دیا گیا ہے۔
ہوڈل اسمبلی کے ہی دوسرے قصبہ حسن پور کی ایک مسجد میں بھی شرپسندوں نے زبردست توڑپھوڑکی تھی اس کی بھی مرمت اورتزئین کاری کاکام انجام دیا گیا ہے۔قابل ذکرہے کہ 2اگست کو شرپسندوں نے سیولی گاؤں میں واقع عیدگاہ کے ممبر اور محراب کو توڑ دیا تھا اس کے قریب واقع قبرستان کے گیٹ کوبھی انہوں نے توڑدیاتھا۔ مولانا ارشد مدنی کی خاص ہدایت پر جمعیۃ علماء کے مختلف وفود نے میوات کے الگ الگ علاقوں میں راحت رسانی کا کام انجام دیا تھا۔ جمعیۃ علماء پلول نے تندہی سے اپنے کام کو انجام دیتے ہوئے تقریباً سینکڑوں جھگی جھونپڑی والوں کو راشن تقسیم کیا گیا ہے۔
دریں اثنا مولانا سید ارشد مدنی نے کہا ریاستی سرکارکے اشارے پر مسمار کئے گئے مکانوں اور دوکانوں کا جائزہ لیکر ایک رپورٹ تیار کی تھی اور اسے جمعیۃ علماء ہند کے صدر دفتر بھیجا گیا تھا، جس کی بنیاد پر متاثرہ علاقوں میں راحتی اورامدادی سرگرمیوں کا ایک مربوط منصوبہ بناکر راحت رسانی کا کام آج بھی مسلسل جاری ہے۔اسی ضمن میں پچاس ریہڑی وٹھیلے لگانے والے متاثرین کو پانچ پانچ ہزار روپے بھی تقسیم کئے گئے ہیں۔
جمعیۃعلماء ہند کی خاص بات یہی ہے کہ وہ بہت خاموشی سے اپنا کام کرتی ہے، کوئی بھی معاملہ ہو جمعیۃ علماء ہند سب سے پہلے پہنچ کر اپنے رضاکاروں کی ٹیم کے ساتھ بہت خاموشی سے راحت اور امداد کے کاموں میں مصروف رہتی ہے ، ایک دوسری بڑی خاصیت یہ ہے کہ جمعیۃ علماء ہند اپنے فلاحی وامدادی کام وہ مذہب سے بالا تر ہوکر محض انسانیت نوازی کی بنیاد پر کرتی ہے، پلول اور آس پاس کے فساد متاثرہ علاقوں میں بھی وہ مذہب کی تفریق کئے بغیر اپنی امدادی سرگرمیاں چلارہی ہے۔ حسن پور اطراف کے چھوٹے تاجروں نے ریہڑی و ضروری اشیاء حاصل کرنے کے بعد جمعیۃ علماء ہند و قومی صدر حضرت مولانا سید ارشد مدنی صاحب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر مولانا راشد قاسمی جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء راجستھان ، مولانا لقمان قاسمی صدر جمعیۃ علماء پلول ، مفتی محمد وسیم قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء پلول، محمد مبارک آلی میؤ جنرل سیکریٹری جمعیۃ علماء ، اسلم نمبردار، لیاقت علی، ڈاکٹر اظہار حسن پور ،مولانا آزاد، سمیت جمعیۃ علماء ہند پلول کے درجنوں کارکنان موجود رہے،