لکھنؤ(پریس ریلیز): ڈاکٹر عمار نگرامی کو ڈیلی انسائیڈر نیوز کے زیر اہتمام ایک خصوصی پروگرام میں متعدد علمی، ادبی، سیاسی اور سماجی و معزز شخصیات کی موجودگی میں "چراغ اودھ ایوارڈ” سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ مجموعی طور پر ان کی سماجی اور ملی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا۔ ایک اہم پروگرام میں شہر اور بیرون شہرکی تمام معزز و معروف شخصیات کی موجودگی میں ڈاکٹر نگرامی کو یہ ایوارڈ حضرت مولانا خالد رشید فرنگی محلی صاحب کے بدست پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اتر پردیش کے سابق کابینہ وزیر آشوتوش ٹنڈن، اترپردیش بی جے پی اقلیتی صدر جناب کنور باسط، جونپور میڈیکل کالج کے پرنسپل ڈاکٹر شیو کمار، ایرا میڈیکل یونیورسٹی کے پرنسپل ڈاکٹر عزیز فریدی بھی موجود تھے۔
آل انڈیا مسلم انٹلکچول سوسائٹی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر عمار نگرامی نے اپنی سوسائٹی کے زیر اہتمام جو سماجی، ملی، فلاحی اور ادبی کام انجام دیے ہیں وہ ناقابل فراموش ہیں۔ کورونا وبا کے ہنگامی دور میں جب چاروں طرف نفسا نفسی کا عالم تھا ایسے وقت میں مریضوں اور ضرورت مندوں کے لیے مفت ادویات، آکسیجن اور دیگر روزمرہ کی اشیاء کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ماہرین ڈاکٹروں کے ایک پینل کا قیام کیا گیا جس نے چوبیسوں گھنٹے مفت طبی مشورہ اور امداد فراہم کیا۔ سوسائٹی کی جانب سے یہ پہل عمدہ اور کارگر ثابت ہوئی اور متعدد مریض اس سے فیضیاب ہوئے۔
اس کے علاوہ غریبوں، بے سہارا و بے مددگار افراد کی مدد کرنے، یتیم بچوں اور بچیوں کی ہر ممکن مدد، سردیوں میں گرم کپڑوں کی تقسیم وغیرہ میں آل انڈیا مسلم انٹلکچول سوسائٹی اور اس کے اہم ذمہ داران کے ساتھ ڈاکٹر عمار نگرامی کی کارکردگی آئندہ نسلوں کے لیے ایک نذیر کی سی حیثیت رکھتی ہے۔ سوسائٹی تعلیمی میدان میں ہمہ وقت سرگرم رہتی ہے اور کئی بڑے تعلیمی منصوبوں پر کامکر رہی ہے۔ ڈاکٹر نگرامی کی قیادت میں آل انڈیا مسلم انٹلکچول سوسائٹی نے قوم و ملت اسلامیہ کے حق میں جو بھی اہم فلاحی کام کیے ہیں، اور مسلسل کر رہی ہے اس کا اعتراف کرتے ہوئے ڈیلی انسائیڈر نیوز کے ذمہ دار ارکان نے”چراغ اودھ ایوارڈ” سے سرفراز کیا جو نہایت ہی قابل ستائش فیصلہ ہے۔