میرا بھاٸیندر:( رپورٹ : محمد حسین ساحل ) مہاراشٹر کے ریاستی وزیرصحت تانا جی ساونت نے میرا بھاٸیندر کے واحد بھیمسین جوشی ٹیمبا سرکاری اسپتال کو جدید سہولیات سے بھرپور سپر اسپیشلٹی اسپتال بنانے کے لیے فوری کارروائی کرنے کے احکامات دیے۔ مہاراشٹر کے سابق وزیر مملکت اور میرا بھائیندر میونسپل کارپوریشن کے سابق اپوزیشن لیڈر اور مہاراشٹر این سی پی کے جنرل سکریٹری ڈاکٹر آصف شیخ نے وزیر صحت ساونت سے ودھان بھون میں ملاقات کی اور انہیں میرا بھائیندر کے سرکاری اسپتال کو سپر اسپیشلٹی اسپتال بنانے کی تحریری درخواست دی۔ ڈاکٹر آصف شیخ نے بتایا کہ میرا بھائیندر کے سرکاری اسپتالوں میں پرائیویٹ اسپتالوں جیسی جدید سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے غریب متوسط طبقے کے مریض اپنی محنت کی کمائی اور اپنے لواحقین کے علاج کے لیے قرضے لینے پر مجبور ہیں۔ ڈاکٹر آصف شیخ نے کہا کہ سپر اسپیشلٹی اسپتال بننے کے بعد اس سرکاری اسپتال میں ہر قسم کے آپریشن ہوں گے اور بہت سے بڑے ڈاکٹرس، ٹیکنیکل نان ٹیکنیکل اسٹاف، نرسیں، وارڈ بوائز، صفائی ورکرز، ہر قسم کی مشینری اس سرکاری اسپتال میں دستیاب ہو گی اور میرا بھائیندر کے غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو پرائیویٹ اسپتال کی طرح ہر قسم کی ضروری سہولیات میسر ہوں گی۔