نئی دہلی (یو این آئی) جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ نے بدھ کو ہندوستان کے 50ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا صدر دروپدی مرمو نے راشٹرپتی بھون میں سینئر جج کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف دلایا 17 اکتوبر کو صدر مرمو نے سپریم کورٹ کے سینئر جج جسٹس چندر چوڑ کو چیف جسٹس مقرر کیا جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ (دھننجے یشونت چندرچوڑ) 11 نومبر 1959 کو پیدا ہوئے۔ وہ 10 نومبر 2024 کو سپریم کورٹ کے جج کے عہدے کے لیے مقررہ 65 سال کی عمر میں ریٹائر ہو جائیں گے۔
اس وقت کے چیف جسٹس آف انڈیا یو یو للت نے 11 اکتوبر کو مرکزی حکومت سےجسٹس چندر چوڑ کو اپنا جانشین بنانے کی سفارش کی تھی۔سپریم کورٹ کی روایت کے مطابق عام حالات میں سینئر ترین جج کو چیف جسٹس بنانے کی روایت رہی ہے۔ جسٹس چندر چوڑ اس سلسلے میں جسٹس للت کے بعد آتے ہیں۔
جسٹس للت نے 27 اگست 2022 کو ہندوستان کے 49ویں چیف جسٹس کے طور پر حلف لیا۔ وہ چیف جسٹس کے طور پر 74 دن کی مختصر مدت ملازمت کے بعد 8 نومبر 2022 کو 65 سال کی عمر میں ریٹائر ہوئے۔جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ کے والد جسٹس وائی وی چندرچوڑ سب سے طویل مدت تک – تقریباً سات سال اور چار ماہ تک ہندوستان کے چیف جسٹس رہے۔
جسٹس وائی وی چندرچوڑ 22 فروری 1978 سے 11 جولائی 1985 تک چیف جسٹس رہے۔