چنئی (یو این آئی) تمل ناڈو کے مدورائی ضلع کے تھرومنگلم کے قریب الگاسیرائی گاؤں میں جمعرات کو پٹاخے کے کارخانے میں ہوئے دھماکے میں کم از کم پانچ افراد ہلاک اور 10 سے زیادہ شدید زخمی ہو گئے۔
یہ اطلاع یہاں پولیس ہیڈکوارٹر سے موصول ہونے والی رپورٹ میں دی گئی۔
موصولہ اطلاع کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ واقعہ کے وقت فیکٹری میں کتنے لوگ موجود تھے۔ جائے واقع پر پہنچے پولیس اور فائر اسٹاف نے زخمیوں کو ترومنگلم سرکاری اسپتال پہنچایا جہاں سے انہیں مدورائی کے راجا جی سرکاری اسپتال ریفر کردیا گیا۔ .
دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کے پرخچے اڑ گئے اور جائے حادثہ پر جلے ہوئے ٹکڑے بکھرے پڑے پائے گئے، پٹاخہ فیکٹری کے قریب واقع دو عمارتیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فیکٹری ورکرز ایک کمرے میں پٹاخوں میں کیمیائی مادہ بھرنے میں مصروف تھے کہ اس دوران رگڑ کے باعث دھماکہ ہوا۔
ضلع کلکٹر انیش شیکھر، ڈسٹرکٹ فائر آفیسر ونوتھ اور ریونیو افسران نے جائے حادثہ کا دورہ کیا اور ابتدائی تحقیقات کی۔ تمل ناڈو کے تجارتی ٹیکس کے وزیر مورتی جائے موقع پر پہنچ گئے، نے صحافیوں کو بتایا کہ اس واقعہ کے حوالے سے کسی بھی ضابطے کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔