نئی دہلی: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس کے صارفین کے لیے یہ خوشخبری ہے کہ اب اس پلیٹ فارم کے ذریعے بآسانی پیسے کماسکتے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) کے سربراہ ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ سوشل میڈیا صارفین اب پلیٹ فارم پر شیئر کئے گئے مواد سے پیسے کما سکتے ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایلون مسک نے یہ اعلان اپنی بہن ٹوسکا مسک کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے کیا۔
ٹوسکا مسک، جو کہ آن لائن اسٹریمنگ سروس پیشن فلکس کی شریک بانی ہیں، نے ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہوئی کہ لوگ ایکس پر میری فلمیں دیکھتے ہیں۔اپنی بہن ٹوسکا مسک کی پوسٹ کا جواب دیتے ہوئے ایلون مسک نے اعلان کیا کہ اب صارفین ایکس کے ذریعے پیسے کما سکتے ہیں لیکن اس کے لیے پہلے سبسکرپشن لینی ہوگی۔سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ اب صارفین پلیٹ فارم پر سبسکرپشنز حاصل کرکے اپنی فلموں، ٹی وی سیریز یا پوڈ کاسٹس کو مونیٹائز کروا سکتے ہیں۔ایکس کے سربراہ کے اعلان کے ساتھ ہی سوشل میڈیا صارفین نے مختلف خیالارت اور تجاویز پیش کر دیں۔
ایک صارف نے مشورہ دیتے ہوئے لکھا کہ آپ ہمیں فلمیں پوسٹ کرنے دیں اور ایک بار کی فیس وصول کریں، اس طرح لوگ سبسکرپشن خریدے بغیر فلم خرید سکتے ہیں، اس طرح ایکس ایک مووی پلیٹ فارم بھی بن سکتا ہے۔ایک اور صارف کے مطابق ایکس کو سنجیدگی سے نئے سرے سے تیار کردہ ویڈیو چلانے کے طریقہ کار کو اپنانے کی ضرورت ہے، اگر ایسا ہوگیا تو خوشی ہوگی۔خیال رہے کہ ایلون مسک نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام کو ٹکر دینے کے لیے ایکس پر بھی اسٹوریز کا فیچر متعارف کروایا ہے۔