جگدل پور(یو این آئی) چھتیس گڑھ کے نارائن پور، دنتے واڑہ، بستر اور کونڈاگاؤں سرحد میں جمعہ کے روز پولس-نکسلی مڈبھیڑ میں چھ ماؤنواز مارے گئے۔ ان دنوں نکسل مخالف آپریشن شدت کے ساتھ چلایا جارہا ہے۔ اس کے تحت پانچ اضلاع کی سرحدوں پر پولس کی مشترکہ کارروائی میں چھ ماؤنواز مارے گئے، جن میں سے تین خواتین نکسلائٹس اور تین مرد نکسلائیٹس شامل ہیں۔ ان میں سے چار نکسلیوں پر 8 لاکھ روپے کا انعام ہے۔بستر رینج کے انسپکٹر جنرل سندرراج پی نے ہفتہ کے روز یہاں صحافیوں کو یہ اطلاع دی۔ انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد تلاشی لی گئی جس کے دوران نمبر 303 اور 315 رائفل کے ساتھ 12 بور بندوق اور بی جی ایل لانچر بھی برآمد ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس تصادم میں ضلع ریزرو پولس کے تین اہلکار زخمی ہوئے، جن میں پولس سب انسپکٹر کچرو رام کورم، کانسٹیبل منگلو رام کومٹی اور بھرت سنگھ کو بہتر علاج کے لیے آج رائے پور بھیجا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مہلوکہ ماؤنواز مسیا عرف مسیا مانڈوی، عمر 32 سال، پلاٹون نمبر کا ٹیم کمانڈر تھا۔مسٹر سندرراج نے بتایا کہ 2024 میں بستر ڈویژن میں اب تک کل 71 انکاؤنٹر ہوئے ہیں اور 123 ماؤ نوازوں کی لاشیں اور 136 ہتھیار برآمد ہوئے ہیں۔ اسی طرح سال 2024 میں اب تک کل 399 ماؤنواز سماج کے مرکزی دھارے میں شامل ہونے کے لیے حکومت کے سامنے ہتھیار ڈال چکے ہیں۔