جالندھر(مظہر):پنجاب وقف بورڈ کے ایڈمنسٹریٹر /اے ڈی جی پی (آئی پی ایس) محمد فیاض فاروقی نے ٹارگیٹ پورا کرنے والے بورڈ کے آفیسروں کو پی اے پی کیمپس جالندھر میں انسنٹیو دے کر ان کا حوصلہ بڑھایا۔ملی جانکاری کے مطابق فیاض فاروقی نے پنجاب بھر کے وقف بورڈ کے اسٹیٹ آفیسروں، رینٹ افسر وں کو بورڈ کی آمدنی بڑھانے کیلئے الگ الگ ٹارگیٹ دیئے تھے۔کچھ ایک کو چھوڑ کر سبھی نے دیئے گئے ٹارگیٹ سے اوپر اٹھ کر بورڈ کی آمدنی کو بڑھایا۔آج ہوئے اعلان میںلدھیانہ سرکل کو پہلا انعام دیاگیا جہاں انہوں نے اپنے ٹارگیٹ سے اوپر اٹھکرکام کیا ۔
ایڈمنسٹریٹر فیاض فاروقی نے کہاکہ بورڈ آفیسران وقف بورڈ کی ترقی اور بورڈ کی جائیداد وںکو بچانے میں ایمانداری سے اہم رول ادا کریں۔ہر اچھے کام کرنے والے بورڈ ادھیکاریوں کو ہم اسی طرح سنمانت کرکے ان کی حوصلہ افزائی کریںگے۔
انہوں نے کہاکہ آج اس بات کی ضرورت شدت سے محسوس کی جارہی ہے کہ اوقافی جائیدادوں کی بحالی اور اس کی بازیافت کیلئے کامیاب سعی کی جارہی ہے تاکہ اس کے ذریعہ مسلمانوں کی معاشی، تعلیمی، سماجی، سیاسی اورمعاشرتی سطح کو بلندکرکے پنجاب میں پرسکون زندگی گزار سکے۔
قابل ذکر ہے کہ پنجاب سرکار نے پانچ ماہ پہلے اے ڈی جی پی پنجاب فیاض فاروقی صاحب کو بورڈ کا ایڈمنسٹریٹر لگایا تھا اس وقت بورڈ کی مالی حالت انتہائی خراب تھی۔ لیکن فیاض فاروقی نے بورڈ کا کمان سنبھالتے ہوئے بورڈ کے ادھیکاریوں سے ملکر انہیں سب سے پہلے بورڈ کی آمدنی کو بڑھانے کیلئے ٹارگیٹ دیا ۔ آج کی میٹنگ میں ٹارگیٹ پورا کرنے والے تمام ادھیکاریوں کو انشیٹیو دیکر سنمانت کیا اور کہاکہ آپ ایمانداری کے ساتھ بورڈ کی ترقی کیلئے اچھا کام کریں ، ہم آپ کیلئے اچھا سوچیںگے، بورڈ کے کام کاج میں کوتاہی برتنے والے آفیسر بخشے بھی نہیں جائیںگے۔ میرا واحد مقصد بورڈ کو صاف شفاف اور کرپشن سے پاک بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگلا نشانہ وقف بورڈ کی آمدنی کو 100کروڑ تک پہنچانا ہے۔
یہ بھی قابل ذکر ہے کہ جب سے فیاض فاروقی صاحب نے بورڈ کا چارج سنبھالا ہے انہوں نے وقف بورڈ میں عوام کے مفاد کو دھیان میں رکھتے ہوئے کئی اہم فیصلے لئے ہیں جن میںاب تک ریٹائر ہوچکے اماموں کو پنشن لگایا،پنجاب بھر کی مساجد کی ماہانہ ایڈ 3ہزار روپے سے بڑھاکر 6ہزار روپے کیا۔پنجاب بھر کی مساجد، مدارس، قبرستان وغیرہ کی تعمیری کام کیلئے دو کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کیا۔