پٹنہ، 11 جولائی (یو این آئی) بہار کی حکمراں جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) نے آج انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کے سابق افسر منیش ورما کو پارٹی کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔جے ڈی یو کے جنرل سکریٹری اور قانون ساز کونسل کے رکن آفاق خان نے جمعرات کو کہا کہ جے ڈی یو کے قومی صدر اور بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار نے مسٹر منیش کمار ورما کو فوری طور پر پارٹی کا قومی جنرل سکریٹری مقرر کیا ہے۔مسٹر ورما، جنہوں نے اڈیشہ اور بہار میں 21 سال تک آئی اے ایس افسر کے طور پر خدمات انجام دیں، منگل کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں پارٹی کے سینئر لیڈروں کی موجودگی میں جے ڈی یو میں شامل ہوئے۔
قابل ذکر ہے کہ آئی اے ایس افسر کے طور پر اپنے طویل کیریئر کے دوران مسٹر ورما نے 2012 تک اڈیشہ میں کام کیا۔ اس کے بعد ان کا تبادلہ پانچ سال کے لیے بہار کر دیا گیا۔ وہ پٹنہ اور پورنیہ کے ضلع مجسٹریٹ بھی رہ چکے ہیں۔مسٹر ورما نے سال 2018 میں آئی اے ایس سے رضاکارانہ ریٹائرمنٹ لی اور انہیں ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی آف بہار کا ممبر بنایا گیا۔ سال 2022 میں، انہیں ریاست میں بنیادی ڈھانچے کی ترقی پر حکومت کو مشورہ دینے کے لیے بہار کے وزیر اعلیٰ کا ایڈیشنل مشیر مقرر کیا گیا۔












