انتظامیہ کی جانب سے اب تک دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق
پٹنہ: بہار شریف کے پہاڑ پورہ علاقے میں ہفتہ کی دوپہر اچانک بم دھماکے کی آواز سنی گئی۔ جس کے بعد علاقے میں افراتفری کا ماحول ہے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ڈی ایم اور ایس پی موقع پر پہنچے اور پورے معاملے کی جانچ کی۔ مقامی لوگوں کے مطابق اچانک دھماکا ہوا۔این ڈی ٹی وی کی خبر کے مطابق اب تک دو افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
اس معاملے میں نالندہ کے ڈی ایم ششانک شوبھنکر اور ایس پی اشوک مشرا نے بتایا کہ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ہم موقع پر پہنچے، وہاں خون کے چھینٹے ملے اور دو لوگ زخمی ہوئے۔ معاملے کی تحقیقات کے لیے ایف ایس ایل ٹیم کو طلب کر لیا گیا ہے۔ تحقیقات کے بعد ہی واضح ہوسکے گا کہ دھماکہ کس وجہ سے ہوا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں بہار شریف میں رام نومی کے موقع پر نکالے گئے جلوس کے دوران تشدد ہوا تھا۔ جس کی وجہ سے پولیس اس معاملے میں بہت محتاط ہے۔ معاملے کی تفتیش جاری ہے اور اس بات کا پتہ لگایا جا رہا ہے کہ دھماکہ کیسے ہوا۔