نئی دہلی/ممبئی: ٹی وی اداکار گروچرن سنگھ کی گمشدگی کے معاملے پر اب دوستوں اور گھر والوں سے بھی تفتیش ہوگی۔ گزشتہ ماہ کی 22 تاریخ سے گروچرن سنگھ لاپتہ ہیں جن کی اب تک تلاش جاری ہے، انہیں نئی دہلی کے ایئرپورٹ کے قریب آخری مرتبہ دیکھا گیا تھا جس کے بعد سے انکا کوئی پتہ نہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق معاملے کی تفتیش اب نئی دہلی سے ممبئی پہنچ گئی ہے، جہاں ساتھی اداکاروں، دوستوں سے سوالات و جوابات کیے جارہے ہیں۔ اس حوالے سے اطلاعات ہیں کہ ہر زاویے سے اسکی تحقیقات جاری ہیں اور گروچرن سنگھ سے تعلق رکھنے والا ہر شخص پولیس کے ساتھ تعاون کر رہا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق شو تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے ساتھی اداکاروں، دوستوں اور اہلِ خانہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔ خیال رہے کہ گروچرن سنگھ نے سٹکام تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں سوڈھی کا کردار نبھایا تھا۔
آپ کو بتادیں کہ اداکار گروچرن سنگھ کی گمشدگی کے کیس کی ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ گروچرن سنگھ جلد شادی کرنے والے تھے اور انہیں مالی مشکلات کا سامنا تھا۔ تحقیقات کے دوران یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ انہوں نے آخری مرتبہ نئی دہلی میں اے ٹی ایم کے ذریعے اپنے اکاؤنٹ سے 7 ہزار روپے نکالے تھے۔ علاوہ ازیں یہ بھی انکشاف ہوا تھا کہ انکے موبائل فون کی آخری لوکیشن 24 اپریل کی نئی دہلی کے علاقے پالم کی آئی جبکہ اس کے بعد سے موبائل فون مسلسل بند معلوم ہوا۔
خیال رہے کہ مقبول سٹکام ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ میں کردار (روشن سنگھ سوڈھی) سے شہرت پانے والے اداکار گروچرن سنگھ گزشتہ ایک ہفتے سے لاپتہ ہیں۔ان کے والد کا کہنا تھا کہ میرا بیٹا 50 سالہ گروچرن سنگھ 22 اپریل کو صبح ساڑھے 8 بجے ممبئی کیلئے گھر سے نکلا تھا، وہ نہ تو ممبئی پہنچا اور نہ ہی واپس گھر آیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ اس سے فون پر بھی رابطہ نہیں ہورہا، ہم اسے تلاش کررہے ہیں لیکن وہ اب تک لاپتہ ہے۔ گروچرن کی گمشدگی کی شکایت نئی دہلی کے پالم ایریا تھانے میں درج کروادی گئی تھی۔
خبروں میں یہ بھی دعوی کیا گیا تھا کہ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے لاپتہ اداکار گروچرن سنگھ (روشن سنگھ سوڈھی) کی سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آئی، اس ویڈیو کے بارے میں دعویٰ کیا گیا کہ یہ گروچرن کی ایئرپورٹ جانے سے قبل کی ویڈیو ہے۔ ویڈیو میں لاپتہ اداکار کو نئی دہلی کے علاقے پالم میں ایک ٹریفک انٹرسیکشن کو پار کرتے ہوئے دیکھے جانے کا بھی دعویٰ کیا گیا۔ پولیس کا کہناتھا کہ انہوں نے اس ویڈیو فوٹیج کا جائزہ لیا ہے اور معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے۔