پٹنہ، 13 اپریل (یواین آئی)بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) بہار کے میڈیا انچارج دانش اقبال نے آج پٹنہ کے کوتوالی تھانے میں کانگریس لیڈر کنہیا کمار کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی ہے۔کنہیا کمار نے ایک نجی ہندی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیر اعظم کو ”دہشت گرد“اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے کارکنان کے بارے میں قابل اعتراض زبان کا استعمال کیا تھا۔
مسٹر اقبال نے کہاکہ ”ملک کے جمہوری ڈھانچے میں منتخب وزیر اعظم کو دہشت گرد کہنا نہ صرف شرمناک ہے بلکہ ملک کی خودمختاری پر براہِ راست حملہ ہے۔ آر ایس ایس جیسے قوم پرست ادارے کو بدنام کرنے والے ایسے رہنماو ¿ں کے خلاف سخت کارروائی ہونی چاہیے۔“بی جے پی لیڈر نے مزید کہا کہ کنہیا کمار کا تعلق ان عناصر سے رہا ہے جو ماضی میں مبینہ طور پر ”ٹکڑے ٹکڑے گینگ“سے جڑے رہے ہیں، اور وہ بارہا ملک کو بدنام کرنے والے بیانات دیتے آئے ہیں۔
مسٹر اقبال نے ایف آئی آر درج کرانے کے بعد کہاکہ ” ہم بی جے پی کی قانونی ٹیم کے ہمراہ کوتوالی تھانے پہنچے اور قانونی عمل کے تحت شکایت درج کرائی۔ ان کا کہنا تھاکہ ہمیں یقین ہے کہ قانون ایسے ملک مخالف ذہنیت کے حامل افراد کے خلاف سخت کاروائی کرے گا۔