شملہ، 05 جون (یو این آئی) ہماچل پردیش کے پانچ اسکولوں کو اپنے کیمپس کے اندر ماحول کو سازگار بنانے کے لیے گرین اسکول ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ان میں تین سرکاری سکول بھی شامل ہیں۔ماحولیات کے شعبے میں کام کرنے والے سینٹر فار سائنس اینڈ انوائرمنٹ (سی ایس ای) کے گرین اسکول پروگرام (جی ایس پی) کے تحت ان اسکولوں کو اپنے کیمپس کے ماحولیاتی انتظامات کی بنیاد پر مختلف زمروں میں اعزازات سے نوازا گیا۔ عالمی یوم ماحولیات کے موقع پر چیف سکریٹری پربودھ سکسینہ نے بدھ کے روز شملہ کے گیٹی تھیٹر میں یہ ایوارڈ پیش کئے۔
ضلع سولن کے تین اسکولوں نے طے شدہ ماحولیاتی معیارات کے مطابق بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ گورنمنٹ سینئر سیکنڈری اسکول بھٹیاں (سولن)، گورنمنٹ سینئر سیکنڈری اسکول بھونٹ (شملہ)، گورنمنٹ سینئر سیکنڈری اسکول ڈڈوین (ہمیر پور)، پائنگروو اسکول دھرم پور (سولن) اور جی ایم بی اسکول نالہ گڑھ (سولن) کو 2023-24 کے لیے چیف منسٹر رولنگ ٹرافی سے نوازا گیا۔سولن کے گورنمنٹ اسکول بھٹیاں کو پیلے سے سبز زمرے میں چینج میکر اسکول کا ایوارڈ ملا ہے۔ یہ اعزاز ماحولیاتی بہتری کے تئیں اسکول کی عہد بندی کی عکاسی کرتا ہے اور ریاست بھر کے تعلیمی اداروں کے لیے تحریک کا باعث ہے۔ گورنمنٹ اسکول بھونٹ، شملہ کو گرین اسکول پروگرام میں ویسٹ نیوکمر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ پائنگروو اسکول دھرم پور، سولن کو اس کے فضلہ کے غیر معمول انتظام کے طریقوں کے لیے گرین اسکول پروگرام (GSP) ویسٹ واریئر ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ ہمیر پور گورنمنٹ اسکول ڈڈوین نے زمین کے تحفظ اور انتظام میں اپنی قابل ذکر کوششوں کے لیے لینڈ مینیجر کا ایوارڈ جیتا ہے، جو کرہ ارض کے پائیدار استعمال کے تئیں اس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ سولن کا جی ایم بی اسکول، نالہ گڑھ کو پائیدار توانائی اور کاربن کے اخراج میں کمی میں رہنما کے طور پر اس کے کردار سے شمسی توانائی کو استعمال کرنے اور قابل تجدید حل کو فروغ دینے کے لیے انرجی مینیجر ایوارڈ سے نوازا گیا۔
انوائرمنٹ ایجوکیشن پروگرام منیجر، CSE، نیرج کمار نے کہا کہ CSE کا گرین اسکول پروگرام ایسا اقدام ہے جو اسکولوں کے طلبہ وطالبات اور اساتذہ کو اپنے کیمپس کو ماحول کے سازگار بنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین اسکول ایوارڈ اسکولوں کو ماحولیات کے بارے میں آگاہ کرنے کے لیے دیا جاتا ہے۔ ہماچل پردیش گزشتہ 13 سالوں سے گرین اسکول پروگرام میں حصہ لے رہا ہے اور اب تک 800 سے زیادہ اسکول اس پروگرام میں حصہ لے چکے ہیں۔ پچھلے سال 2023-24 میں ہماچل کے 94 اسکولوں نے اس میں حصہ لیا تھا۔ تمام جیتنے والے اسکول ریاست کے دیگر اسکولوں کے لیے رول ماڈل کے طور پر کام کرتے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جی ایس پی-سی ایم راولنگ ٹرافی کا آغاز 2017 میں ان اسکولوں کو اعزاز دینے کے لیے کیا گیا تھا جنہوں نے جی ایس پی-آڈٹ میں حصہ لیا ہو تاکہ طلبہ کو ماحولیات کا محافظ بنا کر ماحول کی بہتری کے لیے شعور پیدا کیا جا سکے۔