کھجوراہو، 25 دسمبر (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج سابق وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کے 100 ویں یوم پیدائش پر کھجوراہو میں ملک کے پہلے ندی جوڑو پروجیکٹ کے طورپر کین بیتوا ندی جوڑو قومی پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا اس موقع پر مدھیہ پردیش کے گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو، مرکزی جل شکتی وزیر سی آر پاٹل اور کھجوراہو کے ایم پی اور ریاستی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر وشنودت شرما خصوصی طور پر موجود تھے۔
مسٹر مودی نے یہاں منعقد ایک عظیم الشان پروگرام میں ملک کے پہلے بلند نظر اور کثیر المقاصد کین-بیتوا نیشنل ریور لنکنگ وجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ہی کھنڈوا ضلع کی اومکاریشور فلوٹنگ سولر پروجیکٹ کا افتتاح اور 1153 اٹل گرام سوشاسن بھونوں کا بھومی پوجن کیا۔ وزیر اعظم نے سابق وزیر اعظم مسٹرواجپائی کی یاد میں ایک ڈاک ٹکٹ اور سکہ بھی جاری کیا۔ ملک کی ندیوں کو جوڑنے کا وژن دینے والے مسٹرواجپئی کے یوم پیدائش پر یہ پروجیکٹس مدھیہ پردیش کے لیے ایک بڑا تحفہ مانا جا رہا ہے۔
مسٹرمودی نے اسٹیج پر ہی کین اور بیتوا ندیوں کے پانی سے بھرے کلشوں سے پانی بہا کر کین-بیتوا نیشنل ریور لنکنگ پروجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔دو بڑی ندیوں کین اور بیتوا کو آپس میں ملانے سے متعلق کین – بیتوا لنک نیشنل پروجیکٹ ملک میں زیر زمین دباؤ والے پائپ آبپاشی کے نظام اپنانے والا سب سے بڑا آبپاشی پروجیکٹ ہے۔ اس پروجیکٹ کے مکمل ہونے پر مدھیہ پردیش کے 10 اضلاع چھتر پور، پنا، ٹیکم گڑھ، نیواری، دموہ، شیو پوری، دتیا، رائسین، ودیشہ اور ساگر کے 8 لاکھ 11 ہزار ہیکٹر رقبے کو آبپاشی کی سہولت ملے گی اور 44 لاکھ کسان خاندان مستفید ہوں گے۔ . فصلوں کی پیداوار اور کسانوں کی آمدنی میں اضافے سے دیہی معیشت مضبوط ہوگی اور پن بجلی کے منصوبوں کی تعمیر سے سبز توانائی میں 103 میگاواٹ کی شراکت کے ساتھ روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ پانی کا بہتر انتظام اور صنعتی یونٹوں کو پانی کی مناسب فراہمی صنعتی ترقی اور روزگار کو فروغ دینے کا باعث بنے گی۔