روہتک، 19 ستمبر (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں ریاست کے عوام سے ہر ہریانوی اگنیویر کو سرکاری نوکری کی ضمانت اور تمام خواتین کو ‘لاڈو لکشمی یوجنا’ کے تحت 2100 روپے ماہانہ دینے سمیت 20 وعدے کئے۔بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے جمعرات کو یہاں ریاست کے وزیر اعلیٰ نائب سینی، پارٹی کے ریاستی صدر موہن بڈولی، انتخابی منشور کمیٹی کے چیئرمین او پی دھنکھڑ، مرکزی وزیر منوہر لال کھٹر، ریاستی انچارج ستیش پونیا اور ہریانہ کے الیکشن انچارج دھرمیندر پردھان سمیت پارٹی کے تمام سرکردہ لیڈروں کی موجودگی میں نان اسٹاپ ہریانہ کا ریزولیوشن لیٹر جاری کیا۔ اس الیکشن میں بی جے پی نے جو اہم وعدے کیے تھے وہ یہ ہیں…
- لاڈو لکشمی یوجنا کے تحت تمام خواتین کو ماہانہ 2100 روپے دینے کا وعدہ۔
- انٹیلیجنٹ مینوئل ٹرانسمیشن (آئی ایم ٹی) کھرخودہ کے خطوط پر 10 صنعتی شہروں کی تشکیل، ہر شہر میں 50000 مقامی نوجوانوں کو نوکری دینے کے لئے تاجروں کو خصوصی مراعات دینے کا وعدہ۔
- چیرایو-آیوشمان یوجنا کے تحت، ہر خاندان کو 10 لاکھ روپے تک مفت علاج اور خاندان میں 70 سال سے زیادہ عمر کے ہر بزرگ کو 5 لاکھ روپے تک مفت علاج کی سہولت دینے کا وعدہ۔
- چوبیس فصلوں کواعلان کردہ کم سے کم امدادی قیمت (ایم ایس پی) پر خریداری کا وعدہ۔
- دو لاکھ نوجوانوں کو ‘بغیر پرچی بغیر خرچی پکی سرکاری نوکری دینے کا وعدہ۔
- پانچ لاکھ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دیگر مواقع اورنیشنل اپرنٹس شپ پروموشن اسکیم سے ماہانہ وظیفہ کا وعدہ۔
- شہری اور دیہی علاقوں میں پانچ لاکھ مکانات کی تعمیر۔
- سرکاری اسپتالوں میں ڈائیلاسز اور تمام ہاسپتالوں میں ڈائگنوسس مفت فراہم کرنے کا وعدہ۔
- ہر ضلع میں اولمپک گیمز کی نرسری کی تعمیر کا وعدہ۔
- ہر گھر گرہنی یوجنا کے تحت 500 روپے میں ایل پی جی سلنڈر فراہم کرنے کا وعدہ۔
- اول بالیکا یوجنا کے تحت دیہی علاقوں میں کالج جانے والی ہر طالبہ کو اسکوٹر فراہم کرنے کا وعدہ۔
- ہر ہریانوی اگنیویر کو سرکاری نوکری کی گارنٹی۔
- مرکزی حکومت کے تعاون سے کے ایم پی کے آربٹل ریل کوریڈور کی تعمیر اور نئی وندے بھارت ٹرینوں کا آپریشن شروع کرنے کا کا وعدہ۔
- مرکزی حکومت کے تعاون سے مختلف ریپڈ ریل خدمات اور فرید آباد اور گروگرام کے درمیان انٹر سٹی ایکسپریس میٹرو سروس شروع کرنے کا وعدہ۔
- چھوٹی پسماندہ ذاتوں (36 برادریوں) کے لیے مناسب بجٹ کے ساتھ علیحدہ فلاحی بورڈز بنانے کا وعدہ۔
- ڈی اے اور پنشن کو جوڑنے والے سائنسی طریقہ کی بنیاد پر تمام سماجی ماہانہ پنشن میں اضافہ کرنے کا وعدہ۔
- ہندوستان کے کسی بھی سرکاری کالج سے میڈیکل اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کرنے والے دیگر پسماندہ طبقات (اوبی سی) اور درج فہرست ذاتوں اور قبائل (ایس سی-ایس ٹی) ذاتوں کے ہریانہ کے طلباء کو مکمل اسکالرشپ فراہم کرنے کا وعدہ۔
- اوبی سی زمرے کے تمام کاروباریوں کے لیے مدرا یوجنا کے علاوہ 25 لاکھ روپے تک کے قرض کی ضمانت ہریانہ ریاستی حکومت اٹھائے گی۔
- ہریانہ کو عالمی تعلیم کا مرکز بنا کر جدید ہنر کی تربیت فراہم کریں گے۔
- جنوبی ہریانہ میں بین الاقوامی سطح کا اراولی جنگل سفاری پارک بنانے کا وعدہ۔