نئی دہلی(ایجنسیا ں)مشہور کامیڈین راجو شریواستو گزشتہ دو ہفتے سے دہلی واقع ایمس اسپتال میں زیر علاج ہیں، ان کی حالت انتہائی سنگین تھی، لیکن اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ انھیں ہوش آ گیا ہے۔ ایک وقت ایسا بھی تھا جب ڈاکٹروں نے جواب دے دیا تھا اور کہا تھا کہ انھیں دوا کی نہیں دعا کی ضرورت ہے، لیکن 15 دن بعد ان کے ہوش میں آنے کی خبر سے ان کے چاہنے والوں میں خوشی کا ماحول ہے۔ قومی آواز ڈاٹ کام کی خبر کے مطابق ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ راجو شریواستو کی طبیعت اب پہلے سے بہت بہتر ہے۔
راجو شریواستو کے پرسنل سکریٹری گروِت نارنگ نے ان کی طبیعت بہتر ہونے کی خبر میڈیا کو دی ہے۔ نیوز ایجنسی اے این آئی نے نارنگ کے حوالے سے کہا ہے کہ راجیو شریواستو کو آج 15 دن بعد ہوش آیا۔ ایمس دہلی میں ڈاکٹروں کے ذریعہ ان کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ ان کی صحت میں بہتری ہو رہی ہے۔
واضح رہے کہ راجو شریواستو کو 10 اگست کو دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انھیں دہلی کے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا۔ اسی دن ان کی انجیوپلاسٹی ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی طبیعت مزید بگڑ گئی تھی۔ فی الحال انھیں آئی سی یو میں رکھا گیا ہے۔ راجو شریواستو کی طبیعت کو لے کر گزشتہ پندرہ دنوں میں کئی طرح کی افواہیں اڑیں، حالانکہ ان کے گھر والوں کی طرف سے ان افواہوں پر دھیان نہیں دینے کے لیے کہا گیا، اور اب ان کی صحت میں بہتری سے سبھی خوش ہیں۔
راجو شریواستو کے ہوش میں آنے کی خبر سن کر ان کے دوست سنیل پال نے بھی خوشی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا ’’گڈ نیوز دوستو… راجو بھائی کو ہوش آ گیا ہے۔ تھینک گاڈ… میں کہتا تھا نہ کہ چمتکار ہوگا۔ پرماتما ہنسانے والے کو ناراض نہیں کر سکتا۔ سارے کنبہ کو، سارے دوستوں کو، پوری دنیا کو جس نے بھی دعائیں کیں، ہر کسی کو پیار۔ راجو بھائی آپ جیو ہزاروں سال۔‘‘