گرڈیہ، 12 نومبر (یواین آئی) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی صدر اور مرکزی وزیر جے پی نڈا نے جھارکھنڈ کی ہیمنت حکومت کو تمام محاذوں پر ناکام قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس حکومت کے دور میں ہر طرف صرف بدعنوانی ہے۔گریڈیہ ضلع کے دیوری بلاک کے تیواریڈیہ گراؤنڈ میں منگل کو ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرنڈا نے کانگریس، جھارکھنڈ مکتی مورچہ اور راشٹریہ جنتا دل پر سخت حملہ کیا اور کہا کہ جہاں یہ تینوں پارٹیاں مل کر سرکار بنائے اور وہاں بدعنوانی نہ ہو ، ایسا ہونہیں سکتا۔ اس حکومت کے دور میں کان کنی میں 5,000 کروڑ روپے، جل جیون ابھیان میں 4,000 کروڑ روپے، زمین میں 2,000 کروڑ روپے اور منریگا میں 36,000 کروڑ روپے کا گھوٹالہ ہوا ہے۔ ایسے میں ہیمنت حکومت کو چور حکومت کہنا ہی مناسب ہوگا۔
ریاست میں بنگلہ دیشی دراندازوں کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے مرکزی وزیر نے کہا کہ یہ درانداز جھارکھنڈ کی سرزمین پر مسلسل قبضہ کر رہے ہیں۔ صرف بی جے پی ہی اس سے راحت دینے جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے بی جے پی کی قیادت میں حکومت بنانے کا مطالبہ کیا اور جموا کے لوگوں سے منجو کماری کو جیتانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت مسلسل کروڑوں روپے قبائلیوں کے مفاد میں صرف کر رہی ہے تاکہ ان کا معیار زندگی بہتر ہو سکے۔ دیوگھر ایمس کے بارے میں جے پی نڈا نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس ایمس کے ذریعے ہر سنگین بیماری کا علاج کیا جائے گا۔