پٹنہ 12 نومبر ( یواین آئی ) بہار کے چار اسمبلی حلقوں تراری، رام گڑھ، بیلا گنج اور امام گنج (ریزرو) میں 13 نومبر کو سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان ضمنی انتخابات ہوں گے۔ریاستی پولیس ہیڈکوارٹر کے ذرائع نے منگل کو یہاں بتایا کہ ووٹنگ کے لیے سخت حفاظتی انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس دوران ضلع کی سرحدیں سیل رہیں گی۔
گیا کے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پی این ساہو نے کہا کہ پولنگ پارٹیوں اور سیکورٹی اہلکاروں کو ضلع کے امام گنج اور بیلا گنج اسمبلی حلقوں میں بھیج دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عسکریت پسندوں سے متاثرہ امام گنج اسمبلی حلقہ میں سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ یہاں سخت گشت کی جارہی ہے۔ ہیلی کاپٹروں سے ووٹنگ کے پورے عمل کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔ انتظامیہ کسی بھی قسم کی گڑبڑ سے بچنے کے لیے پوری طرح چوکس ہے۔
الیکشن کمیشن ذرائع کے مطابق 573649 خواتین، 628395 مرد اور 19 خواجہ سرا سمیت کل 12 لاکھ 2 ہزار 63 ووٹرز 1277 پولنگ اسٹیشنز پر 5 خواتین اور 33 مردوں سمیت 38 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔