نئی دہلی (یو این آئی) وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے کہا ہے کہ جب پوری دنیا کی معیشت ڈگمگارہی ہے اورحالات مخالف ہیں اس کے باوجود ہندوستانی معیشت مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور تیز رفتاری سے ترقی کر رہی ہے پیر کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں محترمہ سیتا رمن نے کہا کہ روپیہ کہیں بھی آئی سی یو میں نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی یو میں روپیہ بتانے والوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ روپیہ ڈالر اور دیگر کرنسیوں کے مقابلے بہتر پوزیشن میں ہے۔ جب پوری دنیا کی معیشت آئی سی یو میں تھی، اس خراب حالات میں بھی روپے میں مضبوطی تھی۔
انہوں نے کہا کہ روپیہ کس حد تک مضبوط ہے اس کا اندازہ ہندوستانی معیشت سے لگایا جاسکتا ہے جو وبا اور روس یوکرین جنگ کے بعد بھی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا کی معیشت گر رہی ہے لیکن روپیہ اس کا براہ راست مقابلہ کر رہا ہے اور نامساعد حالات کے باوجود پوری قوت کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ مختلف وجوہات کی بنا پر روپے میں اتار چڑھاؤ آتا رہتا ہے لیکن بہاؤ بہت اچھا ہے اس لیے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔