گجرات (یواین آئی) وزیر دفاع راجناتھ سنگھ گجرات کے شہر گاندھی نگر میں منعقدہ 12ویں دفاعی ایکسپو کے شانہ بہ شانہ 18اکتوبر کو ، ہند– افریقہ دفاعی مذاکرات (آئی اے ڈی ڈی) کے دوران افریقی ممالک کے وزرائے دفاع کی میزبانی کریں گے۔ اس مذاکرات کا وسیع موضوع ’ہند-افریقہ: دفاع اور سلامتی سے متعلق شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے حکمت عملی اپنانا‘ ہے۔
ہند اور افریقہ قریبی اور تاریخی تعلقات ساجھا کرتے ہیں۔ افریقہ کے تئیں ہندوستان کے نقطہ نظر کو وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعہ 2018 میں اعلان کردہ کمپالا اصولوں سے رہنمائی حاصل ہوتی ہے۔ افریقہ کے ساتھ ہندوستان کے روابط خود افریقیوں کے ذریعہ طے کی گئیں ترجیحات پر مبنی ہیں۔
ہند-افریقی وزرائے دفاع کا اولین اجتماع 06 فروری 2020 کو دفاعی ایکسپو کے شانہ بہ شانہ اترپردیش کے شہر لکھنؤ میں منعقد ہوا تھا۔ اجتماع کے آخر میں ماحصل دستاویز کے طور پر ایک مشترکہ اعلامیہ – ’لکھنؤ اعلامیہ‘- اختیار کیا گیا۔
’لکھنؤ اعلامیہ’ کو جاری رکھتے ہوئے اور شراکت داروں کی مشاورت میں، آئی اے ڈی ڈی کو ادارہ جاتی شکل دی گئی اور یہ طے کیا گیا کہ اس کا اہتمام ہر دو برسوں میں دفاعی ایکسپو کے شانہ بہ شانہ کیا جائے۔ آئی اے ڈی ڈی کے تحت صلاحیت سازی، تربیت، سائبر سلامتی، بحری سلامتی اور انسداد دہشت گردی جیسے شعبوں سمیت باہمی شراکت داری کے نئے مشترکہ شعبے تلاش کیے جائیں گے۔
منوہر پاریکر انسٹی ٹیوٹ فار ڈفینس اسٹڈیز اینڈ انالسیس(ایم پی – آئی ڈی ایس اے) ہند– افریقہ دفاعی مذاکرات کا علمی شراکت دار ہے۔