لکھنؤ:15فروری(یواین آئی) اترپردیش کی راجیہ سبھا کی 10سیٹوں کے لئے ہونے والے الیکشن میں حکمراں جماعت بی جے پی نے پارٹی کی جانب سے آٹھویں امیدوار کے طور پر سابق راجیہ سبھا رکن سنجے سیٹھ کے نام کا اعلان کیا ہے۔پرچہ نامزدگی کے آخری دن سابق ایم پی سنجے سیٹھ نے بی جے پی کی اترپردیش اکائی کے صدر بھوپیندر چودھری، نائب وزیر اعلی کیشوپرساد موریہ، وزیر جتن پرساد، دیا شنکر سنگھ، آشیش پٹیل اور سنجے نشاد سمیت دیگر پارٹی لیڈروں کی موجودگی میں اپنا پرچہ نامزدگی داخل کیا۔
رسمی اعلان کرتے ہوئے بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ مرکزی اکائی نے سابق راجیہ سبھا رکن سنجے سیٹھ کو پارٹی کا آٹھواں امیدوار بنایا ہے۔ انہوں نے کہا’ ہمارے سات امیدواروں نے پہلے ہی اپنا پرچہ نامزدگی داخل کردیا ہے۔ ریاستی ودھان منڈل میں ہمارے پاس وافر حمایت ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پارٹی کے ترجمان سدھانشو ترویدی، آر پی این سنگھ، سنگیتا بلونت، سادھناسنگھ، امر پال موریہ، تیزویر سنگھ اور نوین جین سمیت 7امیدوار پہلے ہی پر چہ نامزدگی داخل کرچکے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ جیت کے لئے ہر امیدوار کو 37 اراکین کے ووٹ کی ضرورت ہے۔ اپنے خود کے 252اراکین اسمبلی اور جینت چودھری کی قیادت والے راشٹریہ لوک دل(آر ایل دی) سمیت اپنی اتحادی کے اراکین کے ساتھ بی جے پی کے اپنا آٹھواں امیدوار جتانے کے لئے اب بھی 10ووٹوں کی کمی ہے۔
وہیں دوسری جانب مین اپوزیشن سماج وادی پارٹی نے بھی اپنے تین امیدوار میدان میں اتارے ہیں۔جن میں موجودہ راجیہ سبھا رکن جیہ بچن، سابق نوکر شاہ آلوک رنجن اور سابق مرکزی وزیر رام جیلال سمن شامل ہیں۔11امیدواروں کے ساتھ 27فروری کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔