نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی نے سات ریاستوں سے راجیہ سبھا انتخابات کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔14 امیدواروں کی کل فہرست میں سب سے زیادہ سات امیدوار یوپی سے ہیں۔ یوپی سے آر پی این سنگھ، ڈاکٹر سدھانشو ترویدی، چودھری تیجویر سنگھ، سادھنا سنگھ، امرپال موریہ، سنگیتا بلونت اور نوین جین قسمت آزمائیں گے۔ ذہن نشیں رہے کہ سادھنا سنگھ سابق وزیر اعلیٰ ویر بہادر سنگھ کی بہو ہیں۔ ڈاکٹر دھرم شیلا گپتا اور ڈاکٹر بھیم سنگھ کے نام بہار سے ہیں۔ سب سے حیران کن بات اس فہرست میں بہار کے سابق نائب وزیر اعلی اور پارٹی کے سینئر لیڈر سشیل مودی کا نام نہ ہونا ہے۔ ان کا دور بھی 2020 سے 2024 تک تھا۔ انہوں نے X پر تمام امیدواروں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ "ملک میں بہت کم کارکن ہوں گے جنہیں پارٹی نے 33 سال تک مسلسل ملک کے چاروں ایوانوں میں بھیجا، میں پارٹی کا ہمیشہ شکر گزار رہوں گا اور پہلے کی طرح کام کرتا رہوں گا”۔
اس کے علاوہ بی جے پی نے چھتیس گڑھ سے راجہ دیویندر پرتاپ سنگھ، ہریانہ سے سبھاش برالا، کرناٹک سے نارائن کرشنا بھنڈگے، اتراکھنڈ سے مہیندر بھٹ اور مغربی بنگال سے سمیک بھٹاچاریہ کو نامزد کیا ہے۔ہر دو سال بعد راجیہ سبھا میں نئے ممبران کا انتخاب کیا جاتا ہے جن کی میعاد ختم ہو جاتی ہے۔