ممبئی(یو این آئی) مہاراشٹر پردیش کانگریس کے انچارج رمیش چنیتھلا نے جمعرات کو کہا کہ پارٹی کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے دس نومبر کو یہاں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار) اور یو بی ٹی لیڈروں کی موجودگی میں مہا وکاس اگھاڑی کا منشور جاری کریں گے۔چنیتھلا نے کہا کہ کھڑگے، لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی، آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی، کرناٹک کے چیف منسٹر سدارامیا، تلنگانہ کے چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ساتھ سینئر کانگریس قائدین ریاست کے مختلف حصوں میں عوامی میٹنگیں کریں گے اور اس پر تبادلہ خیال کریں گے۔
کانگریس ایم وی اے کے اتحادیوں کے امیدواروں کے لیے مہم چلا رہی ہے۔ اس میٹنگ میں علاقائی نائب صدر نانا گاوندے، مہم کمیٹی کے کوآرڈینیٹر اور پینل ممبران موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ کھڑگے مہاراشٹر کے پانچ روزہ دورے پر ہوں گے اور 13، 14، 16، 17 اور 18 نومبر کو ریاست کے مختلف حصوں میں ان کی میٹنگیں ہوں گی۔ راہل گاندھی 12، 14 اور 16 نومبر کو جلسہ کریں گے جبکہ پرینکا گاندھی 13، 16 اور 17 نومبر کو انتخابی جلسوں سے خطاب کریں گی۔
چنیتھلا نے مزید کہا کہ کانگریس کے ان تمام باغیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے جنہوں نے مہاوکاس اگھاڑی کے سرکاری امیدوار کے خلاف اپنا امیدوار واپس نہیں لیا ہے اور انہیں چھ سال کے لیے کانگریس سے معطل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ ریاست میں کہیں بھی دوستانہ لڑائی نہیں ہوگی۔