نئی دہلی/مالیگاوں(پریس ریلیز)کوئی بھی قوم اپنے مذہب اور تاریخ کے ساتھ زندہ رہتی ہے ،اس وقت ملک میں دین وایمان پر یلغار کا سلسلہ جاری ہے ،ان حالات میں مسلمانوں کا فریضہ ہے کہ وہ اپنے اور اپنی نسلوں کے دین وایمان کے تحفظ کی فکر کریں ۔ان فکر انگیز باتوں کا اظہار آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ کے جنرل سکریٹری حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب نے معہد ملت کی تقریب ختم بخاری شریف سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے بتایا کہ نئی تعلیمی پالیسی نافذ ہورہی ہے جس کے تحت تعلیم حاصل کرنے والے ہمارے بچوں کو اگر ہم نے دین کی بنیادی تعلیم سے آراستہ نہ کیا تو وہ آدھے مسلمان رہ جائیں گے ۔انہوں نے مدارس میں طلبہ کی گھٹتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمان اپنے بچوں کو مکاتب اور مدارس میں داخل کرکے مدارس کو مضبوط کریں اور یہ نہ سونچیں کہ ہمارا بچہ مدرسے میں تعلیم حاصل کرے گاتو بھوگا رہے گا،علم دین کی برکت سے اللہ تعالیٰ ہماری نسلوں کو عزت وسرفرازی اور برکت والی روزی عطا فرمائے گا۔اپنے تفصیلی خطاب میں انہوں نے اولاد کی دینی تعلیم وتربیت پر زور دیتے ہوئے سرپرستوں سے گزارش کی کہ آج کفر وشرک کا جو فتنہ پیدا ہورہا ہے،اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہم اپنے بچوں کو وقت دیں اور انہیں مدارس ،خانقاہوں ،دینی مجالس اور علماء کی صحبت میں بھیجیں۔معہد ملت میں اپنی حاضری پرمسرت کا اظہار کرتے ہوئے مولانا محترم نے فرمایا کہ یہ ایک ممتاز دینی ادارہ ہے جس کے فضلاء میں فکری شعوراور درس وتدریس کے ساتھ تقریر وتحریر کی اچھی استعداد پائی جاتی ہے۔یہاں کے بزرگوں نے اس ادارے کے ذریعے بڑی اہم دینی وملی خدمات انجام دی ہیں ،انہوں نے اخیر میں فارغ ہونے والے طلبہ کو گراں قدر نصیحتیں فرمائیں اور اپنے علم پر عمل پیرا ہونے کی تاکید کی ۔
واضح ہو کہ ختم بخاری شریف کی یہ تقریب حضرت مولانا قاضی عبد الاحد ازہری صاحب کی سرپرستی میں مورخہ ۲۸؍فروری بروز منگل بعد نماز مغرب مسجد نعمانی معہد ملت میں منعقد ہوئی ،جس کی صدارت معہد ملت کے شیخ الحدیث حضرت مولانا محمد ادریس عقیل ملی قاسمی صاحب نے فرمائی ،انہوں نے شعبہ عالمیت سے فارغ ہونے والے طلبہ کو آخری حدیث پڑھا کر اجازت حدیث مرحمت فرمائی اور ساتھ ہی یہ نصیحت بھی کی کہ فارغ ہونے والے علماء اپنے آپ کو پڑھنے پڑھانے کی خدمت سے وابستہ رکھیں ۔انہوں نے فرمایاکہ کہ طلبہ فراغت کے بعد اگر کسی بڑی درسگاہ میں ایک دو سال مزید تعلیم حاصل کرتے ہیں تو ان کے علم اور فکر میں اضافہ ہوگا۔اس کے بعد معہد ملت کے استاذ حدیث مفتی محمد حسنین محفوظ نعمانی صاحب نے آخری حدیث کا درس دیا اور حدیث سے متعلق گراں قدر علمی نکات بیان کیے ۔ساتھ ہی فارغ ہونے والے طلبہ کو یہ تاکید کی کہ وہ تقوی وطہارت کے ساتھ زندگی گزاریں ،اپنے علم کا وقار باقی رکھیں اور تمام خدمات رضائے الٰہی کے لیے انجام دیں ۔تقریب کے آغاز میں معہد ملت کے مہتمم حضرت مولانا محمد عمرین محفوظ رحمانی صاحب نے معہد ملت کی اب تک کی کارگزاری اور فضلاءمعہد کی خدمات پر مجموعی انداز میں روشنی ڈالی اور معہدملت کے مختلف شعبوں کی رپورٹ پیش کی ،انہوں نے بتایا کہ امسال معہد ملت کے شعبہ افتاء سے ۱۵ ،شعبہ عالمیت ۳۷ ،شعبہ حفظ سے ۱۱، اور شعبہ تجوید وقرأ ت سے ۹؍طلبہ سند تکمیل حاصل کررہے ہیں ۔ اب تک شعبہ عالمیت سے ۱۲۴۸ ،شعبہ افتاء وقضاء سے ۱۶۷،شعبہ حفظ سے ۶۵۴،شعبہ تجوید وقرأ ت سے ۱۲۲۱،ٹیلرنگ کلاس ۳۷۰،کمپیوٹر کلاس ۵۵۰،طلبہ فارغ ہوچکے ہیں ۔اسی طرح امتحان دینیات میں گزشتہ دنوں چالیس ہزار طلبہ وطالبات شریک ہوئے۔۱۹۶۵ء سے لے کر اب تک مہاراشٹر کے مختلف علاقوں کے سات لاکھ انتالیس ہزار ایک سو تریسٹھ بچوں اور بچیوں نے امتحان دینیات میں شرکت کی ہے ۔اس موقع پر انہوں نے معہد ملت کے بزرگوں اورمرحومین کا بھی تذکرہ کیااور ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے ان کے لیے دعاء مغفرت کی ۔
اس تقریب میں ہزاروں کی تعداد میں برادران اسلام اور خواتین نے شرکت کی ۔اسٹیج پر مختلف مدارس کے علماء اور شیوخ الحدیث موجود تھے ،نظامت کے فرائض مفتی حامد ظفر رحمانی صاحب نے انجام دیے۔اخیر میں تمام ہی شعبوں سے فارغ ہونے والے طلبہ کو اسناد اور گراں قدرانعامات سے نوازا گیا۔ حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صاحب کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا ۔