گاندھی نگر(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کی آخری رسومات مکتی دھام شمشان گھاٹ میں پورے ہندورسم و رواج کے ساتھ ادا کرد گئی ہیں مسٹرمودی نے اپنے بھائی کے ساتھ انہیں مکھاگنی دی وزیر اعظم کی والدہ ہیرا با مودی کے جسد خاکی کو گاندھی نگر کے شمشان گھاٹ لایا گیا جہاں پوری ویدک رسومات اور منتر جاپ کے ساتھ ان کی آخری رسومات ادا کردی گئیں وزیر اعظم نے اپنے بھائی کے ساتھ ماں کے جسدخاکی کو مکھاگنی دی ۔ اس وقت وزیراعظم کافی جذباتی بھی ہو گئے۔ مکتی دھام شمشان گھاٹ میں ہیرا با کی آخری رسومات کے دوران گجرات کے وزیر اعلی بھوپیندر پٹیل، ریاستی حکومت کے وزراء، ایم ایل اے سمیت بڑی تعداد میں لوگ موجود تھے۔ ماں ہیرا با کی آخری رسومات ادا کرنے کے بعد وزیراعظم شمشان گھاٹ سے راج بھون کے لیے روانہ ہوئے۔
دریں اثنا چھتیس گڑھ کی گورنر انوسویا اوئیکے، وزیر اعلی بھوپیش بگھیل، سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ نے وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
محترمہ اوئیکے نے یہاں جاری کردہ تعزیتی پیغام میں وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین کے انتقال پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خدا مرحومہ کی روح کو شانتی دے اور ان کے لواحقین کو یہ دکھ برداشت کرنے کی طاقت عطا کرے۔ چھتیس گڑھ سمیت تمام ہم وطنوں کی ہمدردیاں وزیر اعظم کے ساتھ ہیں۔
ایک الگ تعزیتی پیغام میں وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ ماں کی موت زندگی کے اہم ستون کے گرنے کے مترادف ہے۔ ایک ایسا دکھ ہے، جس کا خالی پن ہمیشہ محسوس ہوتا ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں خدا وزیر اعظم مودی اور ان کے اہل خانہ کو ہمت دے اور ماں کے قدموں میں جگہ دے۔ہیرا بین کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر رمن سنگھ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ ہیرا بین نے سادہ زندگی گزاری اور وزیر اعظم مودی کو زندگی بھر اقدار، تعلیم، خود اعتمادی اور ایمانداری کے ساتھ کام کرنے کی طاقت دی۔ انہوں نے خود خدا سے دعا کی کہ وہ ہیرا بین کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور مسٹر مودی اور ان کے اہل خانہ کو اس گہرے دکھ کو برداشت کرنے کی طاقت دے۔
دوسری جانب راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی (ہیرا با) کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ٹویٹر پر ایک تعزیتی پیغام میں، آر ایس ایس نے کہا "وزیر اعظم نریندر مودی جی کی والدہ ہیرابا کے انتقال کے ساتھ ایک سنیاسی زندگی کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کے ہم سبھی رضاکار اس افسوسناک موقع پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔آر ایس ایس کے سر سنگھ چالک موہن بھاگوت اور سر کاریہ واہ دتاتریہ ہوس بالے نے ایک بیان جاری کرکے محترمہ ہیرا با کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے "ماتا جی کی زندگی انتہائی مشکل حالات میں بھی اقدار کے ساتھ وفاداری اور خدا پر اٹل یقین کی طاقت پر مسلسل کام کرنے کی ایک بامقصد زندگی کی ایک بہترین مثال ہے۔ ماں کی جدائی کے دکھ کی اس گھڑی میں ہم مسٹر نریندر مودی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ اوم شانتی۔”
آپ کو بتادیں کہ وزیراعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کا 100 سال کی عمر میں احمدآباد کے یو این مہتا اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ انہوں نے علی الصبح 3.30 بجے آخری سانس لی۔ انہیں منگل کے روز اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا ۔مسٹر مودی کل بھی اسپتال میں اپنی والدہ کو دیکھنے گئے تھے۔ وزیر اعظم مودی نے ٹویٹر پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ’’ شاندار صدی کا ایشور کے چرنوں میں اختتام، اپنی والدہ میں میں نے ہمیشہ بھگوان کا روپ دیکھا ہے جس میں ایک تپسوی کا سفر، ایک بے لوث کرم یوگی کی علامت اور اقدار کے تئیں زندگی شامل ہے‘‘۔ مسٹر مودی نے مزید کہا ’’ جب میں ان سے 100 ویں سالگرہ پر ملا تو انہوں نے ایک بات کہی تھی جو ہمیشہ یادرہتی ہے کہ ’ کام کرو دانشمندی سے اور زندگی گزارو پاکیزگی سے‘‘۔