حیدرآباد:تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کی موجودہ میعاد کا آخری سیشن اختتام کو پہنچا۔ مانسون سیشن جو چار دن تک جاری رہا ، اسمبلی کی میعاد کا آخری اجلاس تھا۔ اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی اجلاس کے آخری دن غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کرنے سے قبل جذباتی ہوگئے۔ سیاست نیوزکے مطابق انہوں نے مختصر خطاب میں جنوری 2019 ء سے اسپیکر کے عہدہ پر خدمات کی انجام دہی میں حکومت اور اپوزیشن کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی میں عوامی موضوعات پر مباحث ، وقفہ سوالات کے موثر انعقاد اور مختصر مباحث کے کامیاب انعقاد میں اپوزیشن کے فلور لیڈرس ، چیف منسٹر ، ریاستی وزراء اور تمام ارکان کا مکمل تعاون حاصل رہا۔ اسمبلی کی جاریہ میعاد میں 8 سیشن منعقد ہوئے ۔ اسپیکر نے ایوان میں ڈسپلن کی برقراری اور موثر کارروائی کے ذریعہ ملک کی نمبر ون اسمبلی کا درجہ دلانے میں تمام ارکان کے تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ پوچارم سرینواس ریڈی نے نئی دہلی کی ایک اہم شخصیت کی جانب سے تلنگانہ اسمبلی کی ستائش کا حوالہ دیا۔ اسپیکر نے اجلاس کے آخری دن اہم بل کی منظوری اور ریاست کی ترقی پر سیر حاصل مباحث پر چیف منسٹر اور اپوزیشن ارکان کے تعاون کی ستائش کی۔ مانسون سیشن 4 دن جاری رہا اور ایوان کی کارروائی 26 گھنٹے 45 منٹ پر مشتمل رہی۔ 20 سوالات کے زبانی جوابات دیئے گئے جبکہ 38 ضمنی سوالات کے جواب دیئے گئے ۔ ارکان نے 44 تقاریر کی ۔ اسمبلی میں 8 بل متعارف کئے گئے اور تمام بلز منظور کرلئے گئے۔ چار بلز پر دوبارہ غور کے بعد منظوری دی گئی ۔ ایوان میں چار مختلف مسائل پر مختصر مباحث ہوئے ۔ چیف منسٹر کے سی آر اور وزراء نے 11 گھنٹے 40 منٹ کا وقت لیا جبکہ قائد عوام کے سی آر نے دو گھنٹے 42 منٹ اظہار خیال کیا۔ مجلس کے فلور لیڈر نے 3 گھنٹے 32 منٹ مسائل پر گفتگو کی۔ کانگریس کے فلور لیڈر نے 2 گھنٹے 28 منٹ کا وقت لیا۔ بی جے پی فلور لیڈر 3 منٹ اور فارورڈ بلاک کے رکن نے 6 منٹ تقریر کی۔ بی آر ایس کو مجموعی طور پر 5 گھنٹے 50 منٹ وقت دیا گیا جبکہ مجلس کو 4 گھنٹے 12 منٹ ، کانگریس 3 گھنٹے 21 منٹ ، بی جے پی ایک گھنٹہ 33 منٹ ، فارورڈ بلاک 6 منٹ اور نامزد رکن نے 3 منٹ اظہار خیال کیا۔ مانسون سیشن میں کسی بھی پارٹی نے ایوان کا وقت ضائع نہیں کیا ۔ قانون ساز کونسل کا اجلاس 4 دن جاری رہا جس میں 4 مختصر مباحث اور 55 ارکان کی تقاریر ہوئی۔ حکومت کے 4 بلز دوبارہ غور کے بعد منظور کئے گئے جبکہ 8 نئے بلز کو منظوری دی گئی۔ کونسل کی کارروائی 23 گھنٹے 10 منٹ جاری رہی ۔