کولکاتہ، 28 اگست (یو این آئی) مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کو کہا کہ ان کی حکومت جلد ہی اسمبلی کا اجلاس بلائے گی اور عصمت دری کرنے والوں کو سزائے موت کا بل پاس کرے گی۔ترنمول کانگریس کے طلبہ ونگ کے 27 ویں یوم تاسیس سے خطاب کرتے ہوئے، محترمہ بنرجی نے کہا، "اگلے ہفتے ہم اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے اور عصمت دری کرنے والوں کو سزائے موت دینے والا بل 10 دنوں کے اندر پاس کریں گے۔” انہوں نے خبردار کیا کہ اگر گورنر سی وی آنند بوس نے بل کو منظور نہیں کیا تو وہ راج بھون کے باہر دھرنا دیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم یہ بل گورنر کو بھیجیں گے۔ اگر وہ اسے منظور نہیں کرتے تو ہم راج بھون کے باہر دھرنا دیں گے۔ یہ بل پاس ہونا چاہیے اور وہ اس بار جوابدہی سے بچ نہیں سکتے۔
کچھ دن پہلے محترمہ بنرجی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر عصمت دری کرنے والوں کو سخت سزا دینے کے لیے مرکزی قانون بنانے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے عصمت دری کے مقدمات کی جلد سماعت کے لیے فاسٹ ٹریک عدالتیں قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا تھا۔قابل ذکر ہے کہ مغربی بنگال کے کولکاتہ کے آر جی کار میڈیکل کالج اور اسپتال میں 9 اگست کو ایک ٹرینی خاتون ڈاکٹر کی مبینہ عصمت دری اور قتل کے بعد خواتین، ڈاکٹروں، مشہور شخصیات اور اپوزیشن جماعتوں سمیت سماج کے بڑے طبقے میں غصہ ہے۔