شہڈول (یو این آئی) صدر دروپدی مرمو نے آج قبائلی گورودیوس کے موقع پر کہا کہ قبائلی برادری کی بہت سی خصوصیات مثالی ہیں اور ان کی ترقی کا تعلق ملک کی ترقی سے ہے۔ مرمو آج مدھیہ پردیش کے ضلع شہڈول کے لال پور میں منعقدہ قبائلی گورودیوس کی ریاستی سطح کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر گورنر منگو بھائی پٹیل، وزیر اعلیٰ شیوراج سنگھ چوہان، مرکزی وزراء ارجن منڈا، فگن سنگھ کلستے، ریاستی حکومت کے وزراء وجے شاہ، مینا سنگھ، پریم سنگھ پٹیل اور بھارتیہ جنتا پارٹی کی ریاستی یونٹ کے صدر وشنودت شرما بھی موجود تھے۔تقریب میں صدر محترمہ مرمو نے ریاست میں پی ای ایس اے ایکٹ (شیڈولڈ ایریاز میں پنچایتوں کی توسیع ایکٹ) سے متعلق قواعد کو بھی جاری کیا۔ پروگرام میں ہی وزیراعلیٰ مسٹر چوہان نے ریاست میں پی ای ایس اے ایکٹ کو لاگو کرنے کا باضابطہ اعلان کیاتھا۔
اس موقع پر محترمہ مرمو نے کہا کہ قبائلی گورو دیوس کے اس پرگرام میں گونڈ، بیگا، بھیل، بھلالہ، کول اور سہریہ جیسے تمام قبائل کے لوگ موجود ہیں، جو ان کے تئیں قبائلی برادری کی خصوصی محبت کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے اس تقریب کو اتنے بڑے پیمانے پر منعقد کرنے پر ریاستی حکومت کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں قبائلی برادری کی آبادی تقریباً 10 کروڑ ہے، جس میں سے تقریباً ڈیڑھ کروڑ کے قریب مدھیہ پردیش میں ہیں، جوکسی بھی دوسری ریاست سے زیادہ ہے۔ ایسے میں اس پروگرام کو یہاں ہی منعقد کیا مناسب تھا۔
تقریباً 15 منٹ کے اپنے خطاب میں محترمہ مرمو نے کہا کہ مرکزی حکومت اس کمیونٹی کے ترقیاتی کاموں میں لگاتار لگی ہوئی ہے۔ اس طبقے کی ترقی کا براہ راست تعلق ملک کی ترقی سے ہے۔
صدر نے کہا کہ قبائلی امور کی وزارت سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کی مدت کار کے دوران بنائی گئی تھی، جس کے بعد اس کمیونٹی کے لیے قومی سطح پر کام شروع ہوا۔