فری میگا ہیلتھ کیمپ کا بھی انعقاد، ڈھائی ہزار سے زیادہ مریضوں نے فائدہ اٹھایا
پٹنہ:صحت اللہ تبارک و تعالیٰ کی بہت بڑی نعمت ہے ، اسلام نے صحت کی حفاظت کے لیے علاج و معالجہ کا حکم دیا ہے۔ حفظان صحت اسلامی احکامات میں سے ایک اہم حکم ہے ۔ لوگوںکی صحت کا خیال رکھنا اور بیماروںکو علاج فراہم کرنا عظیم کار خیر ہے۔یہ باتیں امیر شریعت بہار ، اڈیشہ و جھارکھنڈ حضر ت مولانا احمد ولی فیصل رحمانی صاحب نے آج مورخہ 11مارچ2023کو مولانا سجاد میموریل اسپتال کے تجدید شدہ اوپی ڈی کا افتتاح کرتے ہوئے فرمایا۔
اس موقع پر ایک فری میگا ہیلتھ چیک اپ کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا، جس سے ڈھائی ہزار سے زیادہ مریضوں نے فائدہ اٹھایا، اس ہیلتھ چیک اپ کیمپ میں مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹروں نے اپنی خدمات مفت فراہم کیں، مریضوں کی جانچ کی ، مفید مشورے دیے اور حسب ضرورت ان کو مفت دوائیں بھی دی گئیں۔
اس موقع پر حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی صدارت میں منعقد دعائیہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے حضرت امیر شریعت نے کہا کہ امارت شرعیہ بہار ،اڈیشہ و جھارکھنڈ ، پھلواری شریف، پٹنہ ایک قدیم رفاہی اور فلاحی ادارہ ہے، جس نے اسلام کی روح کو سمجھا اورجس طرح ابتدائے اسلام میں اور ماضی قریب تک طب اور میڈیکل سائنس کے میدان میں مسلم سائنسدانوں نے بڑے بڑے کارنامے انجام دیے ، بڑے بڑے میڈیکل کالج اور سائنس کے ادارے قائم کیے ، اسی طرح امارت شرعیہ نے بھی دیگر فلاحی کاموں کے ساتھ حفظان صحت کو بھی اپنے کاموں کا اہم حصہ بنایا ۔ اس موقع سے حضرت امیر شریعت نے اسپتال کے سکریٹری مولانا سہیل احمد ندوی اور تمام ڈاکٹروں ، ملازمین اور معاونین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کے لیے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ان کی حسن کارکردگی کی ستائش اور حوصلہ افزائی کے طور پر ان سبھی کو سند توصیفی سے نوازا۔حضرت مولانا محمد شمشاد رحمانی قاسمی صاحب نائب امیر شریعت بہار اڈیشہ وجھارکھنڈ نے بھی تجدید شدہ اوپی ڈی کے افتتاح پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سے اسپتال کی مقبولیت اور افادیت میں اور زیادہ اضافہ ہوگا اور ضرورت مند مریضوں کا رجوع بڑھے گا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلدہی دیگر شعبہ جات کی بھی تجدید کی جائیگی۔ امارت شرعیہ کے قائم مقام ناظم حضرت مولانا محمد شبلی القاسمی صاحب نے کہا کہ حضرت امیر شریعت دامت برکاتہم نے ایک سال کے اندر ایسے کئی کام کیے ہیں ،جو امارت شرعیہ کی تاریخ کا روشن حصہ ہیں۔ قاضی شریعت مولانا انظار عالم قاسمی نے بھی اپنے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اسپتال کے سکریٹری مولانا سہیل احمد ندوی نے کہا کہ حضرت امیر شریعت مد ظلہ کی توجہ اور ان کی سرپرستی میں الحمدللہ اسپتال روز افزوں ترقی کی راہ پر گامزن ہے او ر مسلسل اس میں اصلاح و تجدید کا کام ہو رہا ہے ، ان شاء اللہ مستقبل میں اس میں مزید اضافہ ہوگا۔ جناب ارشاد اللہ صاحب چیئر مین بہار اسٹیٹ سنی وقف بورڈ، قاضی شریعت مولانا محمد انظار عالم قاسمی، مولانا مفتی وصی احمد قاسمی، مولانا مفتی محمد ثناء الہدیٰ قاسمی نائب ناظم امارت شرعیہ ، مولانا احمد حسین قاسمی معاون ناظم امار ت شرعیہ کے علاوہ دیگر ذمہ داران امارت شرعیہ نے بھی اسپتال کی اس تجدید کاری اور تزئین کاری پر مسرت کا اظہار کیا اور امید ظاہرکی کہ اس سے اسپتال کی طرف لوگوں کا رجوع بڑھے گا۔ اسپتال کے چیئر مین جناب ڈاکٹر احمد عبد الحئی صاحب، رکن شوریٰ جناب حاجی احسان الحق، مولانا اعجاز احمد سابق چیئر مین بہار اسٹیٹ مدرسہ ایجوکیشن بورڈ، ایس ایم شرف سابق چیئر مین صغریٰ وقف اسٹیٹ، مولانا منہاج عالم ندوی انچارج شعبہ پروجیکٹ مینجمنٹ،مولانا شمیم اکرم رحمانی معاون قاضی شریعت، جناب حافظ احتشام عالم رحمانی رکن شوریٰ امارت شرعیہ،مولانا سید محمد عادل فریدی، سید جمال صاحب عرف ننہو، نیر اعظم صاحب،( ایڈٹر آئینہ جمال ) ہمایوں اشرف ، سید اصغر حسین کے علاوہ اسپتال کے دیگر ملازمین اور امارت شرعیہ کے کارکنان بھی اس موقع پر موجود رہے۔ جن ڈاکٹروں اور ملازمین کو ان کی حسن کاکردگی کی وجہ سے سند توصیفی سے نوازا گیا ان میں ڈاکٹر ایس نثار احمد ، ڈاکٹر غلام محی الدین اشرفی، ڈاکٹر نذیر احمد خان، ڈاکٹر سید یاسر حبیب، ڈاکٹر محمد تقی امام، جناب ایس اے اے نوشاد، ڈاکٹر ابو بکر نجمی، ڈاکٹر محمد نذیر الحق، ڈاکٹر شبانہ پروین ، ڈاکٹر محمد شاداب، ڈاکٹر شاہین ظفر، ڈاکٹر فوزیہ شفیع، ڈاکٹر رعنا شمیم، ڈاکٹر رضیہ شاہین، ڈاکٹر ناہید فاطمہ، ڈاکٹر محبوب عالم، ڈاکٹر اجیت کمار، ڈاکٹر اقبال حسین، ڈاکٹر فہد نسیم، ڈاکٹر ثانیہ خورشید، ڈاکٹر خورشید پروین، اعجاز احمد، فرید اختر، منور ارشاد، عارف صدیقی، فردوس عالم کے نام شامل ہیں۔جناب ڈاکٹر سید یاسر حبیب اور جناب ڈاکٹر محمد تقی امام صاحب نے حاضرین کا شکریہ اداکیا ۔ آخر میں حضرت امیر شریعت کی دعا پر تقریب کا اختتام ہوا۔