نئی دہلی(پریس ریلیز): حسب ہدایت جنرل سکریٹری آل انڈیا ملی کونسل وچیئرمین انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز، نئی دہلی ڈاکٹر محمد منظور عالم، ملی کونسل وتعاون ٹرسٹ کے ایک مشترکہ وفد نے سفیر ترکیہ فِراٹ سُونیل سے نیائے مارگ، چانکیہ پوری، نئی دہلی میں ملاقات کی اور شمالی ترکیہ میں گزشتہ 6/ فروری 2023 کو آئے زلزلے کے متاثرین کے لیے ضروری سامانِ ریلیف اور ادویہ کے ساتھ ساتھ نقد رقم پر مشتمل چیک اُن کے سپرد کیا۔ اس موقع پر ترکیہ کے سفیر نے ملی کونسل وتعاون ٹرسٹ کی مشترکہ کوششوں کی تحسین کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ ہند نے زلزلہ متاثرین کی خاطر پہلی بار ہمیں بھارت سے عطیات قبول کرنے اور اس کام کے لیے یہاں ترکی سفارت خانہ کا اکاؤنٹ کھولنے کی بھی اجازت دی ہے، اس سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ ہم براہِ راست عطیہ حاصل کرنے کے مجاز ہوں گے۔ انھوں نے ضروری تکنیکی اجازت نامہ دیئے جانے پر حکومت ہند کے تئیں بھی اظہار تشکر کیا۔
سفیر ترکیہ سے ملی کونسل وتعاون ٹرسٹ کے مشترکہ وفد میں ”کمیٹی برائے زلزلہ ریلیف ترکیہ وشام“ کے کنوینر اور ملی کونسل کی مرکزی مجلس عاملہ کے رکن ڈاکٹر پرویز میاں، جوائنٹ کنوینر کمیٹی برائے ریلیف، پروفیسر حسینہ حاشیہ، ملی کونسل کی مجلس عاملہ کے رکن وتعاون ٹرسٹ کے منیجر، محمد عالم، ملی کونسل دہلی کے رکن ومعروف تاجر، حاجی قمر الدین نیز آل انڈیا ملی کونسل صوبہ دہلی کے رکن امتیاز احمد شامل تھے۔
واضح رہے کہ مشترکہ کمیٹی کے ارکان نے سفیر ترکیہ سے کہا کہ عنقریب ملی کونسل کی دیگر ریاستی شاخوں سے موصول ہونے والے سامان اور نقد کی شکل میں موصولہ رقم کا چیک پھر ایک بار آپ کے سفارت خانے کے حوالے کیا جائے گا۔ ان شاء اللہ مزید ضروری طبی ساز وسامان اور متفرقات بھی سفارت خانے کو موصول ہوں گے۔
آل انڈیا ملی کونسل وتعاون ٹرسف اس کام کے لیے مسلسل ملک کی مختلف ریاستوں میں اپنی سرگرمیوں سے وابستہ ہے اور انسانی بنیاد پر ریلیف وراحت رسانی کے کام انجام دیئے جانے کی حتی الوسع کوششیں جاری ہیں۔