ممبئی : مرکزی وزیر قانون کرن ریجیجو نے موجودہ سپریم کورٹ کالجیم سسٹم کو مبہم قرار دیا ہے جس کے ذریعہ ججوں کا تقرر کیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قابل افراد کا بحیثیت جج تقرر ہونا چاہئے ۔ ان کا نہیں جن کو کالجیم جانتا ہے ۔ سپریم کورٹ کے کالجیم سسٹم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگرچہ جج اس کا اظہار نہیں کرتے لیکن عدلیہ میں زبردست سیاست ہے ۔ انڈیا کانکلیو میں حصہ لیتے ہوئے عدلیہ میں اصلاحات کے موضوع پر کل انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں حکومتیں جج کا تقرر کرتی ہیں لیکن ہندوستان میں صرف جج یہ تقرری کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ عدلیہ یا جج پر تنقید نہیں کررہے ہیں لیکن موجودہ سپریم کورٹ کے کالجیم سسٹم سے وہ خوش نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کوئی سسٹم مکمل نہیں ہے ۔ ہمیں بہتر سسٹم کے لیے ہمیشہ جدوجہد اور کام کرنا چاہئے اور وہ سسٹم جوابدہ اور شفاف ہونا چاہئے ۔