حیدرآباد( ہندوستان ایکسپریس ویب ڈیسک ) وزیر اعلیٰ تلنگانہ و صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندر شیکھر راؤ بی جے پی کے خلاف ملک گیر مہم شروع کرنے کی تیاری کرچکے ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ملک کی مختلف ریاستوں میں جمہوری منتخبہ حکومتوں کے خلاف بی جے پی اور اس کی سازشوں کو بے نقاب کیا جائے ۔ سیاست نیوز کی خبر کے مطابق کے سی آر چاہتے ہیں کہ بی جے پی کی جانب سے مخالف سیاسی جماعتوں کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی کوششوں سے ملک کے عوام کو واقف کروایا جائے ۔ کے چندر شیکھر راو گجرات اور ہماچل پردیش میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کے خلاف مہم چلائیں گے ۔ اس مہم کے ذریعہ وہ بی جے پی کے خلاف محاذ آرائی کا آغاز کریں گے ۔ ان دونوں ریاستوں میں آئندہ دو مہینوں میں انتخابات ہونے والے ہیں۔ چیف منسٹر نے تلنگانہ میں ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی کو خریدنے بی جے پی کی کوششوں کو بے نقاب کیا ہے اور کہا کہ بی جے پی اس طرح کی حرکتوں سے ٹی آر ایس حکومت کو زوال کا شکار کرنا چاہتی ہے ۔ ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کرنے والے ملزمین کو گرفتار کیا جاچکا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی جے پی کی گندی سیاست کو عوام سے رجوع کیا جانا چاہئے اور عوام کی رائے اور تائید حاصل کی جانی چاہئے ۔ بی جے پی تقریبا ہر ریاست میں یہی طریقہ کار اختیار کر رہی ہے ۔ چونکہ اب ٹی آر ایس کو بی آر ایس میں بدل دیا گیا ہے چندر شیکھر راؤ چاہتے ہیں کہ تلنگانہ کے 50 تا 60 ارکان اسمبلی اور دوسرے عوامی نمائندوں کو گجرات اور ہماچل پردیش روانہ کیا جائے تاکہ وہاں بی جے پی کے خلاف مہم چلائی جاسکے ۔
کہا جا رہا ہے کہ ٹی آر ایس کے ارکان اسمبلی اور دوسرے قائدین ان ریاستوں کا دورہ کریں گے اور عوام تک رسائی حاصل کرتے ہوئے بی جے پی کی سازشوں سے انہیں واقف کروائیں گے ۔ اسی طرح بی جے پی کے جو مبینہ ایجنٹس گرفتار کئے گئے ہیں ان کے ویڈیو فوٹیج کو بھی عوام میں پیش کیا جائیگا اور اس ویڈیو میں مقامی زبانوں بشمول گجراتی میں ترجمہ بھی پیش کیا جائیگا تاکہ عوام اس سے واقف ہوسکیں۔ ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں کی ٹیمیں گذشتہ آٹھ برسوں میں تلنگانہ میں ہوئی تیز رفتار ترقی سے عوام کو واقف کروائیں گے ۔ کہا جا رہا ہے کہ اس کام کیلئے چندر شیکھر راؤ نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو مکمل روٹ میاپ تیار کرے گی ۔