اسلام آباد(ایجنیساں):پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف گند پھیلایا جا رہا ہے۔ہفتے کی شب نجی نشریاتی ادارے ’سنو نیوز‘ کے میزبان حبیب اکرم کو دیے گئے انٹرویو میں عمران خان کا کہنا تھا کہ آج کل سافٹ ویئر کے ذریعے کوئی بھی کسی کی بھی آڈیو بنا سکتا ہے۔ان کے بقول ملک کی بڑی آبادی کم عمر ہے، اس سے ان کے اخلاق تباہ کیے جا رہے ہیں تاکہ چوروں کی حکومت کو قبول کیا جائے۔خیال رہے کہ حالیہ مہینوں میں کئی سیاسی رہنماؤں کی آڈیوز اور ویڈیوز لیک کی گئی ہیں البتہ یہ واضح نہیں ہوسکا ہے کہ ان کو لیک کرنے والے افراد یا ادارے کونسے ہیں۔ ان لیک آڈیوز اور ویڈیوز میں ملک کے سیاسی معاملات پر گفتگو اور انتہائی نجی باتیں شامل ہیں۔ سوشل میڈیا پر اس لیک ہونے والے مواد پر تبصرے بھی جاری ہیں۔
اپنے خلاف سوشل میڈیا پر آنے والی آڈیو ٹیپس پر ان کا کہنا تھا کہ ’’ہماری ایک بڑی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ان کے لیے سوشل میڈیا پر گند چلایا جا رہا ہے۔یہ جو ویڈیوز اور ٹیپ ہیں، یہ دین کے بھی خلاف ہیں۔ دوسروں کے گناہوں پر پردہ ڈالنے کا حکم ہے۔ آج کل کوئی بھی سافٹ ویئر کے ذریعے ایسی آڈیوز بنا سکتا ہے۔‘‘
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے دور میں ایسی چیزیں کبھی نہیں آئی۔انہوں نے کہا کہ وہ سوشل میڈیا پر بھی قدغنیں لانا چاہتے تھے۔ پوری دنیا میں حدود رکھی جاتی ہیں، لیکن شاید پوری طرح مشاورت نہیں ہوئی تھی تو میڈیا کھڑا ہوگیا کہ ان پر پابندیاں لگائی جانے لگی ہیں۔