نئی دہلی، 24 مئی (یو این آئی) عام آدمی پارٹی (اے اے پی) کے قومی کنوینر اور دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے جمعہ کو دعویٰ کیا کہ آخر کار وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی قبول کرہی لیا کہ نام نہاد شراب گھوٹالہ مکمل طور پر فرضی ہے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور سینٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔
مسٹر کیجریوال نے آج یہاں کہا، ‘کل مسٹر مودی سے ایک انٹرویو میں پوچھا گیا کہ کیجریوال کہہ رہے ہیں کہ اس نام نہاد شراب گھوٹالہ میں کوئی ثبوت یا پیسہ نہیں ملا ہے۔ اس پر وزیر اعظم نے کہا کہ ثبوت اس لئے نہیں ملا کیونکہ کیجریوال ایک تجربہ کار چور ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا، ‘مسٹر مودی نے یہ اعتراف کیا کہ شراب گھوٹالہ میں ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں ہے۔ کسی قسم کا کوئی ایک نیا پیسہ بھی ریکور نہیں ہوا ہے۔ اسے چھپانے کے لیے وہ کہتے ہیں کہ کیجریوال ایک تجربہ کار چور ہیں۔ اس کا مطلب ہے کہ آپ کی پوری سی بی آئی اور اس کے افسران نکمے ہیں۔ آپ کے ای ڈی افسران نکمے ہیں۔‘‘
انہوں نے کہا، ‘پچھلے دو سالوں سے یہ شور مچایا جا رہا ہے کہ دہلی میں شراب گھوٹالہ ہوا ہے۔ ملک بھر میں 500 سے زائد چھاپے مارے گئے۔ ایک بڑا سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ اگر 100 کروڑ یا 1100 کروڑ کا گھوٹالہ ہے تو وہ رقم کہیں پر تو رکھی ہوگی لیکن کہیں سے کچھ نہیں ملا ہے۔