منڈی، 24 مئی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی جمعہ کو ہماچل پردیش کے ایک روزہ دورے پر تھے۔ اپنے خطاب میں مسٹر مودی نے سابق وزیر اعلیٰ اور قائد حزب اختلاف جے رام ٹھاکر کو ‘دوست’ اور منڈی پارلیمانی حلقہ سے بھارتیہ جنتا پارٹی کی امیدوار اور فلم اداکارہ کنگنا رناوت کو اپنی ‘بہن’ قرار دیا۔
مسٹر مودی نے پنڈال میں موجود لوگوں سے اپیل کی اور کہا کہ وہ کنگنا کو یہاں سے منتخب کر کے پارلیمنٹ میں بھیجیں۔ جس کے بعد کنگنا اپنی پوری زندگی آپ کی خدمت میں گزاریں گی۔ کنگنا یہاں سے منڈی کی آواز بنیں گی اور اپنی زندگی یہاں کے لوگوں کی خدمت کے لیے وقف کر دیں گی۔
اس موقع پر مسٹرمودی نے بی جے پی امیدوار کنگنا رناوت کے بارے میں نازیبا ریمارکس پر کانگریس کو گھیرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کی فضول باتیں کہہ کر کانگریس نے ہماچل کی ہر ‘بیٹی’ کی توہین کی ہے۔ ہماچل کے شکتی پیٹھوں میں ماں کی مختلف شکلوں کی پوجا کی جاتی ہے۔ دیو بھومی میں بیٹی کی اس طرح توہین کرنے پر ‘شاہی خاندان’ نے ابھی تک معافی بھی نہیں مانگی ہے۔ کانگریس کا یہ ‘شاہی خاندان’ ‘بیٹی مخالف’ ہے۔
ناہن کے بعد چھوٹی کاشی منڈی میں انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے دعویٰ کیا کہ پانچ مرحلوں میں ہونے والی ووٹنگ میں بی جے پی اور نیشنل ڈیموکریٹک الائنس (این ڈی اے) 300 سے زیادہ سیٹیں حاصل کرچکی ہے۔ اگر ہماچل کے لوگ ایک بار پھر یہاں سے 4-0 کی ہیٹ ٹرک کرتے ہیں تو یہ ‘سونے پر سہاگہ’ ہوگا۔