مدھوبنی، 30 اپریل (یو این آئی) بہار اسمبلی میں اپوزیشن اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے سینئر لیڈر تیجسوی پرساد یادو نے آج الزام لگایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گزشتہ دس سال میں ملک کے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام رہے ہیں۔اس لوک سبھا انتخابات کے لئے انڈیا اتحاد کے امیدوار کے حق میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر یادو نے کہا کہ وزیر اعظم مسٹر مودی نے بہار اور ملک کے عوام سے کئی بڑے وعدے کئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی نے بہار کو خصوصی درجہ دینے اور ریاست کو خصوصی پیکیج دینے کا بھی وعدہ کیا تھا۔ لیکن، بہار کو نہ تو خصوصی پیکیج دیا گیا اور نہ ہی خصوصی ریاست کا درجہ۔
آر جے ڈی لیڈر نے کہا ’’مسٹر مودی نے ہر سال دو کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کا وعدہ کیا تھا، لیکن نوجوانوں کی بڑی تعداد اب بھی نوکریوں کے انتظار میں ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دس سالوں میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں فکر مند حد تک اضافہ ہوا ہے لیکن وزیر اعظم انتخابی مہم کے دوران اصل ایشو کے بجائے غیر متعلقہ معاملے اٹھا کر لوگوں کی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہے ہیں۔مسٹر یادو نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عوام نریندر مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کردیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ دربھنگہ، مدھوبنی اور جھانجھر پور میں انڈیا الائنس کے امیدواروں کی بھرپور حمایت کریں۔












