وزیر اعظم نے اس موقع پر یہ اعلان کیا کہ 23 اگست کو قومی خلائی دن کے طور پر منایا جائے گا
بنگلورو(یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کی صبح یہاں چندریان -3 مشن میں شامل ہندوستانی خلائی تنظیم (اسرو) کی ٹیم کے سائنسدانوں سے ملاقات کی۔
جنوبی افریقہ اور یونان کے اپنے دو ملکوں کے دورے کو ختم کرنے کے بعد، مسٹرمودی براہ راست بنگلورو پہنچے اور اسرو ٹیلی میٹری ٹریکنگ اور کمانڈ نیٹ ورک مشن کنٹرول کمپلیکس میں چندریان-3 مشن میں شامل اسروٹیم کے سائنسدانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے اسرو کے سربراہ ایس سومناتھ اور چندریان 3 مشن میں شامل دیگر سائنسدانوں سے بھی بنگلورو میں اسرو ہیڈکوارٹر میں ملاقات کی۔قبل ازیں، مقامی فنکاروں کو مسٹر مودی کی بنگلورو آمد پر استقبال کے لیے سڑکوں پر ڈھول بجاتے اور رقص کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ہوائی اڈے کے باہر لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے، وزیراعظم نے کہا، "مجھے نہیں معلوم تھا کہ میں کب بنگلورو پہنچوں گا، اس لیے میں نے وزیر اعلیٰ، نائب وزیر اعلیٰ اور گورنر سے درخواست کی کہ وہ میرا استقبال کرنے کے لئے پریشانی نہ اٹھائیں۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روزکہا کہ چندریان -3 کے چاند کے جنوبی قطب پر اترنے کے عظیم دن 23 اگست کو قومی خلائی دن کے طور پر منایا جائے گا۔مسٹرمودی نے یہ اعلان آج یہاں انڈین اسپیس آرگنائزیشن (اسرو) کی ٹیم کے سائنسدانوں کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چندریان-2 کے لینڈنگ پوائنٹ کا نام ترنگا اور چندریان-3 کے لینڈنگ پوائنٹ کا نام شیو شکتی ہوگا۔ اسرو ٹیم کے سائنسدانوں سے ملنے کے دوران وزیراعظم کافی جذباتی نظرآئے اور وہ اپنے آنسووں کو روک نہیں سکے۔ انہوں نے یہاں چندریان -3 ٹیم اور اسرو کے دیگر سائنسدانوں سے ملاقات کی اور بات چیت کی۔ اسرو کے چیئرمین ایس سومناتھ نے انہیں وکرم لینڈر اور پرگیان روور سے متعلق تازہ ترین جانکاردی فراہم کی ۔ چندریان -3 ٹیم نے وکرم کی سافٹ لینڈنگ اور پرگیان (روور) کو باہر نکالنے کا مظاہرہ کیا تھا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مسٹرمودی نے جذباتی انداز میں کہا، ‘میں جنوبی افریقہ میں تھا لیکن میرا من سائنسدانوں کے ساتھ تھا۔ میں پہلے سائنسدانوں سے ملنا چاہتا تھا۔ یہ نیا ہندوستان ہے جو پوری دنیا میں روشنی پھیلا رہا ہے۔ یہ آج کا مکمل ترقی یافتہ ہندوستان ہے۔ یہ وہ ہندوستان ہے جو نیا سوچتا ہے۔ یہ وہ ہندوستان ہے جو پوری دنیا میں روشنی پھیلاتا ہے۔ ٹچ ڈاؤن کا وہ لمحہ نہ صرف ہندوستان کے لیے ناقابل فراموش ہے بلکہ دائمی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ چندریان کی کامیابی نہ صرف ہندوستان کی کامیابی ہے بلکہ یہ ایک بار پھر انسانیت کی کامیابی ہے۔ انہوں نے کہا، "میں تمام سائنسدانوں، تکنیکی ماہرین اور آپ سب کو مبارکباد دینا چاہوں گا جو اس مشن کا حصہ ہیں،”۔اس سے پہلے، وزیر اعظم نے یہاں ایچ اے ایل ہوائی اڈے کے باہر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے "جے جوان، جےکسان، جے وگیان، جے انوسندھان” کے نعرے لگائے۔ انہوں نے کہا کہ جو تصویر انہوں نے بنگلور میں دیکھی تھی وہی تصویر یونان اور جوہانسبرگ میں بھی دیکھی۔ واقعی حیرت کی بات ہے کہ آپ سب یہاں ہیں اور یہاں تک کہ بچے بھی صبح سویرے یہاں ہیں۔اس موقع پر مقامی فنکار ایئرپورٹ کے سامنے سڑکوں پر رقص کرتے اور ڈھول بجاتے نظر آئے۔ چندریان 3 مشن کی کامیابی کا جشن منانے اور وزیر اعظم کی آمد پرلوگوں نے قومی پرچم اور پوسٹر لہرائے۔