نئی دہلی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ پردھان منتری جن دھن یوجنا ( پی ایم جے ڈی یو ) لوگوں، خاص طور پر خواتین، نوجوانوں اور پسماندہ طبقات کے لوگوں کی مالی شمولیت کو فروغ دینے میں اہم رہی ہے مسٹر مودی نے جن دھن یوجنا کو 10 سال مکمل ہونے کے موقع پر اسے کامیاب بنانے میں تعاون کرنے والوں کو مبارکباد اور نیک خواہشات پیش کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ وزیر اعظم کی قیادت میں 2014 میں شروع کی گئی اس اسکیم کے تحت اب بنکوں میں 53.13 کروڑ اکاؤنٹس ہیں۔ پی ایم جے ڈی وائی میں خواتین اور دیہی علاقوں کی نمایاں شرکت ہے۔
مسٹر مودی نے ‘ ایکس ‘ پر لکھا "آج ہم جن دھن یوجنا کے 10 سال مکمل ہونے کا ایک اہم جشن منا رہے ہیں۔ تمام استفادہ کنندگان اور اس اسکیم کو کامیاب بنانے کے لیے کام کرنے والوں کو مبارکباد۔ "جن دھن یوجنا مالی شمولیت کو فروغ دینے اور کروڑوں لوگوں، خاص طور پر خواتین، نوجوانوں اور پسماندہ طبقوں کو بااختیار بنانے میں اہم رہی ہے۔”
وزارت خزانہ کے بیان کے مطابق 53 کروڑ سے زیادہ جن دھن کھاتوں میں سے 29.56 کروڑ (55.6 فیصد) جن دھن کھاتہ دار خواتین ہیں اور 35.37 کروڑ (66.6 فیصد) جن دھن اکاؤنٹس دیہی اور نیم شہری علاقوں میں ہیں۔ . پی ایم جے ڈی وائی اکاؤنٹ کے تحت جمع کی گئی رقم 2,31,236 کروڑ روپے ہے۔ اس میں 14 اگست 2024 تک 15 گنا اضافہ ہوا ہے۔