نئی دلّی:سابق مرکزی کابینی وزیر اور سینیئر بھاجپا نیتا جناب مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ سرکس کے فن کی اَفزودگی ، حفاظت اور حوصلہ اَفزائی وقت کی ضرورت ہے۔آج نئی دِلّی میں منعقدہ ’’ اِنٹر نیشنل سرکس فیسٹیول ‘‘ کے اِفتتاح کے موقعہ پرجناب نقوی نے کہا کہ کبھی بڑے پیمانے پر شہروں سے لے کر گائوں تک جیتی جاگتی تفریح کا زبردست ذریعہ سرکس آج زندہ رہنے کے لئے جدّ و جہد کر رہا ہے۔ جناب نقوی نے کہا کہ ڈیجیٹل دَور میں تفریح کے بے شمار ذرائع مہیّا ہونے سے بھی بھارت میں سرکس کے کاروبار پر زبردست اثر
پڑا ہے ۔ ساتھ ہی کورونا کی وَباء اور اُس کے بعد کے لاک ڈائون نے سرکس سے تعلُّق رکھنے والی برادری کے لئے حالات بد تر کر دیئے ۔ اِس کے باوجود بھی بھارت میں سرکس کے فنکاروں میں دِلچسپی کم نہیں ہو سکتی۔جناب نقوی نے کہا کہ سرکس نہ صرف تفریح کا ذریعہ ہے بلکہ بڑے پیمانے پر کلاکاروں ، فنکاروں اور دیگر لوگوں کے روزگار کا ذریعہ رہا ہے۔ آج اِن سبھی کے لئے روزی۔رو ٹی کا بحران پیدا ہو گیا ہے۔ اِسی لئے روائتی بھارتی کھیلوںکے ساتھ۔ساتھ سرکس کی حوصلہ افزائی کے لئے بھی ٹھوس قدم اُٹھائے جانے کی ضرورت ہے۔اِس چار دِنوں کے ’’ اِنٹر نیشنل سرکس فیسٹیول ‘‘ میں بھارت کے علاوہ روس، کرغیزستان ، اُزبیکستان کے سرکس فنکار بھی اپنے کرتب دکھا رہے ہیں۔