پٹنہ، 05 جنوری ( یواین آئی ) وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے 1 انے مارگ واقع ‘سنکلپ’ میں محکمہ پنچایتی راج کی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور افسران کو ضروری ہدایات دیں۔میٹنگ میں پنچایتی راج محکمہ کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر مہیر کمار سنگھ نے پرزنٹیشن کے ذریعہ جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ کل 8053 پنچایتوں میں سے 1447 میں ’پنچایت سرکاربھون‘ کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے، 789 ’پنچایت سرکاربھون ‘زیر تعمیر ہیں اور 2000 پنچایت سرکاربھون کی تعمیر کی منظوری دی گئی ہے۔ 2165 ’پنچایت سرکار بھون‘ کے لیے زمین کی نشاندہی کی گئی ہے اور باقی 1652 پنچایت سرکار بھون کے لیے زمین کی شناخت ہونا باقی ہے۔ انہوں نے چیف منسٹر رورل سولر اسٹریٹ لائٹ اسکیم کی پیش رفت کے بارے میں بھی تازہ ترین جانکاری دی۔
میٹنگ میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جن’ پنچایت سرکار بھون‘ کے لیے اراضی کی نشاندہی کی گئی ہے ان کی تعمیر کا کام جلد شروع ہونا چاہیے۔ جہاں پنچایت سرکاربھون کے لیے ابھی تک زمین کی نشاندہی کی گئی ہے، جلد از جلد زمین کی نشاندہی کریں۔ باقی پنچایت سرکاربھون کے تعمیراتی کام کو تیزی سے مکمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایتوں کو عزت اور وقار دینے کے لیے ہم نے اس کا نام پنچایت سرکار بھون رکھا ہے۔ پنچایت سرکاربھون میں تمام قسم کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ اس پنچایت کے لوگوں کے مسائل ایک ہی جگہ پر حل ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ پنچایت سرکار بھون کی چھت پر سولر پلیٹیں ضرور لگائی جائیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ایک غریب ریاست ہونے کے باوجود جتنا کام ہم نے پنچایتوں کے لیے کیا ہے اتنا ملک میں کہیں اور نہیں ہوا ہے۔ گا وں کی ترقی کے لیے بہت سے اقدامات کیے گئے ہیں۔
میٹنگ میں، خزانہ، کمرشیل ٹیکس اور پارلیمانی امور کے وزیر وجے کمار چودھری، پنچایتی راج کے وزیر مراری پرساد گوتم، وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری مسٹر دیپک کمار، چیف سکریٹری عامر سبحانی، وزیراعلی کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر ایس سدھارتھ، محکمہ پنچایتی راج کے ایڈیشنل چیف سکریٹری مسٹر مہیر کمار سنگھ، محکمہ خزانہ کے پرنسپل سکریٹری مسٹر اروند کمارچودھری، محکمہ توانائی کے پرنسپل سکریٹری سنجیو ہنس، وزیراعلی کے سکریٹری انوپم کمار،عمارت تعمیرات محکمہ کے سکریٹری مسٹر کمار روی، محکمہ پنچایتی راج کے ڈائریکٹر مسٹر آنندشرما، جنوبی بہار پاور ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر مسٹر مہندر کمارسمیت دیگر اعلیٰ حکام موجود تھے۔