کلکتہ، 14 اپریل (یواین آئی) مغربی بنگال کے جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگر علاقے میں وقف ترمیمی ایکٹ کے خلاف پیر کو تازہ تشدد پھوٹ پڑا۔ یہ تشدد اس وقت شروع ہوا جب انڈین سیکولر فرنٹ (آئی ایس ایف) کے مظاہرین نے بسنتی ہائی وے کو بلاک کر دیا۔ مظاہرین نے پولیس کی پانچ موٹرسائیکلوں کو آگ لگا دی اور ایک جیل وین میں شدید توڑ پھوڑ کی۔
سرکاری ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ ذرائع کے مطابق جب پولیس نے ناکہ بندی ہٹانے کی کوشش کی تو مظاہرین کی تعداد پولیس اہلکاروں سے زیادہ تھی، اور انہوں نے پولیس پر حملہ کر دیا۔ پتھراو کے دوران تقریباً سات سے آٹھ پولیس اہلکار زخمی ہو گئے ۔
آئی ایس ایف کے حامیوں نے صبح 10 بجے سے بسنتی ہائی وے کو چار گھنٹے تک بند رکھا۔ اس کے بعد مظاہرین نے پولیس کی پانچ موٹرسائیکلوں کو نذر آتش کر دیا اور جیل وین کو آگ لگانے کی کوشش میں الٹ دیا۔ تاہم، لاٹھی چارج کرنے والی پولیس نے وین کے تیل کے ٹینک میں سوراخ کر کے مظاہرین کی کوشش کو ناکام بنا دیا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ تشدد سب سے پہلے سون پور گاو¿ں میں شروع ہوا اور پھر بھانگر کے آس پاس کے علاقوں میں پھیل گیا۔ یہ علاقہ گزشتہ دو سال سے کولکاتا پولیس کے دائرہ اختیار میں آتا ہے ۔ یہ حملہ مرشد آباد میں ہونے والے تشدد کے چند دن بعد ہوا، جس میں تین افراد ہلاک ہو گئے تھے ۔